Loading
ایران میں جاری علاقائی صورتحال کے پیش نظر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی نے تفتان بارڈر پر امیگریشن اور بارڈر مینجمنٹ کے انتظامات مؤثر اور فعال رکھے ہیں تاکہ ایران سے واپس آنے والے پاکستانی شہریوں، طلباء، زائرین اور دیگر مسافروں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق تفتان بارڈر پر آنے والے مسافروں کو سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی کے تمام تقاضے بھی پورے کیے جا رہے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ 28 فروری 2026 سے 08 اپریل 2026 تک تفتان بارڈر پر 10 ہزار 619 مسافروں کی آمد ریکارڈ کی گئی۔
ترجمان کے مطابق ایران سے پاکستان واپس آنے والے مسافروں کی بڑی تعداد موجودہ علاقائی صورتحال کے باعث تفتان بارڈر پہنچی، جن میں پاکستانی شہریوں کے علاوہ طلباء، زائرین اور دیگر افراد بھی شامل ہیں۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے محمد بہرام خان نے کہا کہ ایف آئی اے امیگریشن عملہ تفتان بارڈر پر 24 گھنٹے خدمات سرانجام دے رہا ہے اور تمام آنے والے مسافروں کی بروقت امیگریشن کلیئرنس اور دستاویزات کی جانچ پڑتال یقینی بنائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تفتان بارڈر پر مسافروں کو ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری ہیں جبکہ وفاقی اور صوبائی اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ بھی برقرار رکھا گیا ہے تاکہ مسافروں کی آمد و رفت کو منظم اور محفوظ بنایا جا سکے۔
محمد بہرام خان مندوخیل نے کہا کہ ایف آئی اے بارڈر مینجمنٹ کو محفوظ، منظم اور مؤثر انداز میں جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے اور ملک میں داخل ہونے والے تمام مسافروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل