Thursday, April 09, 2026
 

صوبے میں کرپشن عروج پرہے، حلقے میں13ارب کے منصوبے میں قوانین کی خلاف ورزی کی گئی، شیر افضل مروت

 



پشاور ہائی کورٹ میں رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کی مقدمات منسوخی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے ان کی عبوری ضمانت میں 27 مئی تک توسیع کرتے ہوئے مختلف اضلاع کے تفتیشی افسران کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ سماعت جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس انعام اللہ خان نے کی۔ عدالت نے ڈی آئی خان اور جنوبی وزیرستان کے مقدمات کے تفتیشی افسران کو آئندہ سماعت پر ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہونے کی ہدایت کی جبکہ نوشہرہ، مردان، صوابی اور پبی کے تفتیشی افسران کو ریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔ سماعت کے موقع پر شیر افضل مروت نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ خیبرپختونخوا میں کرپشن عروج پر ہے اور ان کے حلقے میں 13 ارب روپے کے منصوبے میں مبینہ طور پر قوانین کی خلاف ورزی کی گئی، جس پر عدالت نے سٹے آرڈر جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف مقدمات میں ڈھائی سال گزرنے کے باوجود ثبوت پیش نہیں کیے جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ مختلف اضلاع میں جلسے، سفر اور دیگر معاملات پر ان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔ انہوں نے مؤقف اپنایا کہ اگر ریکارڈ پر کچھ ثابت نہ ہوا تو عدالت مقدمات منسوخ کر دے گی۔ عدالت نے فریقین سے رپورٹس طلب کرتے ہوئے سماعت 27 مئی تک ملتوی کر دی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل