Loading
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے چینی سفیر نے ملاقات کی جس میں اسلام آباد مذاکرات کے بعد کی صورتحال پر بات کی گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار سے چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زی دونگ نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران اسلام آباد مذاکرات کے بعد کی صورتحال اور حالیہ علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مکالمے اور سفارت کاری کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
چینی سفیر نے امریکا اور ایران کے درمیان براہِ راست مذاکرات میں پاکستان کے اہم کردار کو سراہا۔ دونوں ممالک نے پاکستان اور چین کے درمیان آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
اسحاق ڈار نے وزارت خارجہ کی کارکردگی کو سراہا
دریں اثنا نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار نے اسلام آباد مذاکرات کے دوران وزارتِ خارجہ کے افسران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کے اعزاز میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اسحاق ڈار نے افسران کی محنت، پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کے انعقاد میں وزارتِ خارجہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام تعمیری مکالمے، امن اور استحکام کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل