Friday, April 17, 2026
 

ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات ابتدائی مراحل میں داخل ہوگئے؛ خبر ایجنسی کا دعویٰ

 



ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ مذاکرات ایک ابتدائی مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں تاہم دونوں ممالک کسی حتمی معاہدے کے بجائے پہلے مذاکرات کے لیے ایک بنیادی فریم ورک (خاکہ) طے کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ بات عالمی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ایران میں موجود ایک باخبر ذریعے نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتائی۔ انھوں نے مزید بتایا کہ آبنائے ہرمز کھلنا اچھی بات ہے لیکن اس پیش رفت کو کسی بڑے بریک تھرو کے طور پر نہیں دیکھا جا سکتا بلکہ یہ ایک طویل سفارتی عمل کا محض آغاز ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ مذاکرات میں چند اہم معاملات زیرِ بحث آئیں گے، جن میں خاص طور پر یورینیم کی افزودگی، افزودہ یورینیم کے ذخائر کا مستقبل اور اقتصادی پابندیوں میں نرمی شامل ہے۔ خیال رہے کہ یہ وہی اہم نکات ہیں جن پر ماضی میں بھی ایران اور امریکا کے درمیان شدید اختلافات رہے ہیں اور اب بھی دونوں فریق اپنے اپنے مؤقف پر قائم دکھائی دیتے ہیں۔ ایرانی ذریعے نے بتایا کہ ایران نے مذاکرات کے لیے تقریباً 10 شرائط پیش کی ہیں۔ جن میں صرف جوہری پروگرام ہی نہیں بلکہ بالخصوص لبنان سمیت خطے کی مجموعی صورتحال بھی شامل ہے۔ یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی عندیہ دے چکے ہیں کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذکرات اس ویک اینڈ پر پاکستان میں ہوسکتے ہیں اور اگر کوئی معاہدہ طے پاجاتا ہے تو وہ دستخطی مہم میں شرکت کرنے اسلام آباد جا سکتے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل