Saturday, April 18, 2026
 

بشریٰ بی بی کی آنکھ کے آپریشن کے بعد 190 ملین پاؤنڈ کیس میں اہم پیشرفت

 



پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی آنکھ کے آپریشن کے بعد 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں ان کے وکلا کی جانب سے اہم پیش رفت کی کوشش کی جا رہی ہے۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے بشریٰ بی بی کی آنکھ کی سرجری کے بعد سزا معطلی درخواست پر جلد فیصلہ کرانے کی کوششیں شروع کردی ہیں اور اس حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔ بشری بی بی کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر نئی درخواست میں میڈیکل ایمرجنسی کی وجہ سے سزا معطلی درخواست پر جلد فیصلہ کرنے اور بشری بی بی تک ان کے وکلا اور فیملی کی رسائی کی استدعا کی گئی ہے۔ بیرسٹر سلمان صفدر نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کی آنکھ کی سرجری پنڈی کے الشفا آئی اسپتال میں کی گئی، سرجری سے پہلے کسی فیملی ممبر کو آگاہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ قانونی طور پر وکیل اور فیملی ممبر کو آگاہ کرنا ضروری ہے، بغیر کسی کو آگاہ کیے بشریٰ بی بی کی زندگی کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، اچانک فیملی کو بتایا گیا جس کے بعد فیملی نے جیل میں ملاقات کی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست کے مطابق بشریٰ بی بی کی فیملی نے ملاقات کے بعد دیکھا کہ ان کو کالی عینک لگا کر بیٹھا دیا گیا ہے اور ان کی میڈیکل کنڈیشن سیریس نوعیت کی ہے۔ عدالت عالیہ سے درخواست کی گئی ہے کہ ڈاکٹروں یا جیل حکام کی جانب سے ابھی تک کسی قسم کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں، بشریٰ بی بی خاتون ہیں اور ان کی سزا بھی سات سال ہے جو کم کے زمرے میں آتی ہے۔ وکیل نے مؤقف اپنایا ہے کہ جیل حکام نے عدالتی حکم کے باوجود مجھے جیل میں بشریٰ بی بی تک رسائی نہیں دی، 15 مئی 2025 سے زیر التوا بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست پر فیصلہ کریں اور بشریٰ بی بی تک فیملی اور وکیل کو رسائی دی جائے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز اڈیالہ جیل کے ذرائع نے بتایا تھا کہ بشریٰ بی بی کی آنکھ کا آپریشن نجی اسپتال میں کیا گیا اور انہیں واپس جیل منتقل کردیا گیا ہے۔ جیل ذرائع نے بتایا تھا کہ بشریٰ بی بی نے دائیں آنکھ کی بینائی متاثر ہونے کی شکایت کی تھی جس پر جیل انتظامیہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ماہرین چشم سے ان کا معائنہ کرایا۔ اس حوالے سے مزید بتایا تھا کہ سرجری سے قبل ضروری ٹیسٹ اور طبی معائنہ مکمل کیا گیا، جس کے بعد مریضہ کی رضامندی سے پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی اور پینل نے آنکھ کا آپریشن کیا، سرجری اور ایک رات اسپتال میں قیام کے بعد مطمئن حالت میں مریضہ کو ڈسچارج کر دیا گیا۔ یاد رہے کہ 17 جنوری 2025 کو احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو بالترتیب 14 اور 7 سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی تھی۔ احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان پر 10 لاکھ جرمانہ بھی عائد کیا تھا اور جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید 6 ماہ قید ہوگی، اسی طرح بشریٰ بی بی پر 5 لاکھ روپے جرمانہ کردیا گیا تھا اور جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں مزید 3 ماہ قید ہوگی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل