Saturday, April 18, 2026
 

اسرائیل کا صومالی لینڈ میں سفارتی نمائندہ مقرر کرنے کا اعلان، پاکستان سمیت 12 ممالک کا مشترکہ ردعمل

 



پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ سمیت 12 مسلمان ممالک نے اسرائیل کی جانب سے نام نہاد صومالی لینڈ میں سفارتی نمائندہ مقرر کرنے کے اعلان پر مشترکہ بیان میں مذمت کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کو علاقائی سالمیت کی صریح خلاف ورزی قرار دیا۔ وزرائے خارجہ کے مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان، مصر، صومالیہ، سوڈان، لیبیا، بنگلہ دیش، الجزائر، سعودی عرب، فلسطین، ترکیہ،  انڈونیشیا اور کویت کے وزرائے خارجہ نے اسرائیل کی جانب سے نام نہاد صومالی لینڈ میں سفارتی نمائندہ مقرر کرنے کے اعلان کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور اس سے صومالیہ کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزرائے خارجہ نے ان تمام یک طرفہ اقدامات کو دوٹوک انداز میں مسترد کرنے کا اعادہ کیا جو ریاستوں کے اتحاد کو نقصان پہنچاتے ہیں یا ان کی خودمختاری کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔ انہوں نے صومالیہ کے اتحاد، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے ساتھ ساتھ اس کے جائز ریاستی اداروں کی بھرپور اور غیرمتزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا، جو صومالی عوام کی خواہشات کے واحد نمائندہ ہیں۔ وزرائے خارجہ نے مزید زور دیا کہ اس نوعیت کے اقدامات بین الاقوامی قانون کے اصولوں، اقوام متحدہ کے منشور اور افریقی یونین کے بنیادی ایکٹ کی کھلی خلاف ورزی ہیں اور ایک خطرناک نظیر قائم کرتے ہیں جو ہارن آف افریقہ کے استحکام کو نقصان پہنچا سکتی ہے، جس کے نتیجے میں خطے اور مجموعی طور پر امن و سلامتی پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔    

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل