Loading
متحدہ عرب امارات نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے جنھیں فضائی دفاعی نظام نے ناکارہ بنایا تاہم فجیرہ بندرگاہ کی آئل تنصیب پر ڈرون لگنے سے آگ بھڑک اُٹھی تھی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کی مسلح افواج نے متحدہ عرب امارات پر حالیہ دنوں میں کسی بھی قسم کے میزائل یا ڈرون حملے کی تردید کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیا ہے۔
ایران کے کمانڈ سینٹر خاتم الانبیا سینٹرل ہیڈکوارٹرز کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج نے حالیہ دنوں میں متحدہ عرب امارات کے خلاف کوئی فوجی آپریشن یا فضائی کارروائی نہیں کی ہے۔
تاہم ترجمان ابراہیم الذولفقاری نے یہ بھی واضح کیا کہ متحدہ عرب امارات کو چاہیے کہ وہ امریکی اور اسرائیلی فوجی موجودگی اور سازوسامان کے لیے پناہ گاہ نہ بنے اور اپنی سرزمین ایران کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں۔
ایران کے کمانڈ سینٹر کے ترجمان نے مزید کہا کہ ایران کو اس وقت متحدہ عرب امارات کی جانب سے غیر منصفانہ میڈیا مہم، بے بنیاد الزامات اور پروپیگنڈے کا سامنا ہے۔ جن میں کوئی سچائی نہیں ہے۔
ایرانی فوجی ترجمان نے الزام عائد کیا کہ متحدہ عرب امارات خطے میں امریکا اور اسرائیل کے لیے ایک اہم عسکری اڈے کی حیثیت رکھتا ہے جو ان کے بقول مسلم دنیا کے دشمن اور خطے میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہیں۔
بیان میں سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے ترجمان ابراہیم الذوالفقاری نے کہا کہ اگر متحدہ عرب امارات کی سرزمین سے ایران کے جزائر، بندرگاہوں یا ساحلی علاقوں کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی تو ہم اس کا سخت اور افسوسناک جواب دیں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل