Tuesday, May 26, 2026
 

ایم فل/پی ایچ ڈی داخلہ پالیسی میں تبدیلی موخر، جامعات داخلہ ٹیسٹ رواں سال خود لے سکیں گی، نوٹیفکیشن 

 



اعلی تعلیمی کمیشن اسلام آباد نے ایم فل/پی ایچ ڈی کی داخلہ پالیسی میں کی گئی تبدیلی کو ایک سال کے لیے موخر کردیا ہے تقریبا دو ہفتے قبل اس نئی پالیسی  کے تحت تمام سرکاری و نجی جامعات کو ایم فل/پی ایچ ڈی کا داخلہ ٹیسٹ لینے سے روک دیا گیا تھا اور ایم فل/پی ایچ ڈی کا داخلہ ٹیسٹ ایچ ای سی نے از خود لینے کا اعلان کیا تھا تاہم اب اس نئی پالیسی کو آئندہ برس 2027 کے فال تک روکا گیا ہے۔ اور اس سلسلے میں تمام جامعات کی سابقہ رائج پالیسیز ایک سال کے لیے بحال کردی گئی ہے جس کے مطابق پورے پاکستان کی جامعات ایم فل/پی ایچ ڈی کی سطح پر داخلہ ٹیسٹ رواں سال کے ایڈمیشن کے لیے بھی خود لے سکیں گی اس سلسلے میں ایچ ای سی کے ڈائریکٹر کوآرڈینیشن شاہ زیب عباسی کی جانب سے ایک وضاحتی نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اب اس نئی پالیسی کا اطلاق فال 2026 کے بجائے فال 2027 سے ہوگا گریجویٹ پروگرامز (لیول 7 ایم فل اور 8 پی ایچ ڈی)  میں داخلوں کے لیے HEC-ETC کے ذریعے GRE/HAT جنرل اور سبجیکٹ ٹیسٹ سال 2027 سے لازمی ہوگا۔ جاری نوٹیفکیشن میں وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ چونکہ کئی ایک جامعات اور اسناد تفویض کرنے والے اداروں (ڈگری ایوارڈنگ انسٹیٹیوٹس) کی جانب سے درخواستیں موصول ہوئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ہمیں اس فیصلے پر عملدرآمد کے لیے اضافی وقت درکار ہوگا لہذا اسے فی الحال موخر کردیا جائے۔ ادھر ایچ ای سی اسلام آباد کے ذرائع کا کہنا تھا کہ چونکہ یہ فیصلہ ایچ ای سی کے بعض حکام کی جانب سے انتہائی جلد بازی میں کیا گیا تھا اور جامعات کی اس سلسلے میں مشاورت شامل نہیں تھی جس پر پورے ملک کی پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کی جانب سے مخالفت سامنے آرہی تھی۔ بعض جامعات کا یہاں تک کہنا تھا کہ یہ فیصلہ جامعات کی خود مختاری کے برخلاف کیا گیا ہے ایچ ای سی کا کام گائیڈ لائن دینا ہے جامعات کو قانون میں دیے گئے اختیارات کو اپنے ہاتھ میں لینا نہیں ہے لہذا اس تمام مخالفتوں کے بعد ایچ ای سی نے پالیسی کے حوالے سے کیے گئے اپنے ہی فیصلے کو ایک سال کے لیے موخر کردیا۔ یاد رہے کہ 2 ہفتے قبل نکالے گئے نوٹیفکیشن میں ایچ ای سی نے کہا تھا کہ "اعلیٰ تعلیم میں معیار، شفافیت، یکسانیت اور میرٹ پر مبنی داخلوں کو یقینی بنانے کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن  نے لیول 7 اور لیول 8 پروگرامز کے موجودہ داخلہ طریقہ کار کا جائزہ لیا ہے اور قومی سطح پر ایک یکساں اور قابلِ اعتماد امتحانی نظام کی ضرورت محسوس کی گئی۔ جس کے بعد  مجاز اتھارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ فال 2026 کے داخلوں سے تمام سرکاری و نجی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں لیول 7 (MS/MPhil یا مساوی) اور لیول 8 (PhD یا مساوی) پروگرامز میں داخلے صرف ایچ ای سی کے منظور شدہ ادارے سے ہونگے  ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل (ETC) کے ذریعے منعقد ہونے والے GRE/HAT جنرل اور متعلقہ سبجیکٹ ٹیسٹ کی بنیاد پر ہوں گے۔ لہذا تمام جامعات اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کو ہدایت پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں" تاہم اب مذکورہ فیصلہ ایک سال کے لیے موخر ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل