Wednesday, June 03, 2026
 

حکومت کی توجہ صحت، تعلیم، ہنر مندی اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں بہتری پر مرکوز ہے، وزیر خزانہ

 



وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کی ترقی اور اصلاحاتی ترجیحات میں مسلسل تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشی استحکام کی جانب پیش رفت کے بعد حکومت کی توجہ صحت، تعلیم، ہنر مندی اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں بہتری پر مرکوز ہے پاکستان کی نوجوان آبادی ملک کی بڑی طاقت ہے، جسے جدید دور کے تقاضوں کے مطابق مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزارت خزانہ میں عالمی بینک کے انسانی ترقی سے متعلق شعبے کی نائب صدر ممتا مرتھی کی سربراہی میں ملاقات کیلئے آئے ہوئے ایک اعلیٰ سطحی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ملاقات میں پاکستان میں انسانی ترقی، صحت، تعلیم، ہنر مندی، روزگار اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کی ترقی اور اصلاحاتی ترجیحات میں مسلسل تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ معاشی استحکام کی جانب پیش رفت کے بعد حکومت کی توجہ صحت، تعلیم، ہنر مندی اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں بہتری پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی ملک کی بڑی طاقت ہے، جسے جدید دور کے تقاضوں کے مطابق مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وزیر خزانہ نے اس بات پر زور دیا کہ پائیدار معاشی ترقی، مسابقتی صلاحیت میں اضافہ اور روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنے کیلئے انسانی وسائل میں سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں بدلتی ہوئی عالمی منڈی کے مطابق تیار کرنا حکومتی اقتصادی تبدیلی کے ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔ عالمی بینک کی نائب صدر ممتا مرتھی نے کہا کہ بچوں کی غذائی قلت، نشوونما میں رکاوٹ، معیاری تعلیم اور صحت کی بہتر سہولیات تک رسائی جیسے شعبوں میں پیش رفت طویل المدتی ترقی کیلئے انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک پاکستان میں خدمات کی موٴثر فراہمی اور قابلِ پیمائش نتائج کے حصول کیلئے تعاون جاری رکھے گاملاقات میں ماں اور بچے کی صحت، غذائیت، حفاظتی ٹیکہ جات، ابتدائی تعلیم، آبادی سے متعلق چیلنجز، بنیادی صحت کے نظام کی مضبوطی اور ضروری طبی سہولیات کی فراہمی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے صحت، تعلیم اور افرادی قوت کی ترقی کے امکانات پر بھی گفتگو کی عالمی بینک وفد نے فنی و پیشہ ورانہ تربیت، ہنر مندی کے فروغ اور روزگار سے منسلک پروگراموں کے عالمی تجربات سے آگاہ کیا جبکہ جاپان میں رواں سال منعقد ہونے والے یونیورسل ہیلتھ کوریج سے متعلق عالمی فورم میں شرکت کیلئے پاکستان کو دعوت بھی دی گئی۔ ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے صحت، تعلیم، سماجی تحفظ، افرادی قوت کی ترقی اور ٹیکنالوجی کے ذریعے خدمات کی فراہمی کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل