Loading
پنجاب کے مختلف شہروں میں پولیس مقابلوں کے دوران 8 ریکارڈ یافتہ خطرناک ملزمان ہلاک ہوگئے، جبکہ متعدد ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
گوجرانوالہ کے سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے واقعات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈویژنل ایس پیز سے رپورٹ طلب کرلی۔
پولیس کے مطابق تھانہ واہنڈو کی حدود میں ڈکیتی، راہزنی، چوری اور دوران واردات شہری کے قتل سمیت درجنوں سنگین مقدمات میں مطلوب 2 بین الاضلاعی ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔
ہلاک ملزمان کی شناخت محمد شہزاد اور عابد علی کے نام سے ہوئی، جو گوجرانوالہ، قصور اور ننکانہ صاحب میں ڈکیتی، راہزنی، چوری اور دوران ڈکیتی قتل کی 30 سے زائد وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ تھے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ناجائز اسلحہ اور چھینا گیا موٹر سائیکل برآمد کرلیا، جبکہ 2 نامعلوم ساتھی فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق تھانہ گکھڑ منڈی کی حدود میں ڈکیتی، راہزنی، چوری، موٹر سائیکل چوری اور بینکوں سے نقد رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے سمیت 25 سے زائد مقدمات میں مطلوب 2 خطرناک ڈاکو اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ناکے پر پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ کرتے ہوئے اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے۔
ہلاک ملزمان کی شناخت امیر حمزہ اور ندیم مسیح کے نام سے ہوئی، جو گوجرانوالہ کے علاوہ لاہور میں بھی متعدد سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔ پولیس نے ان کے قبضے سے ناجائز اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلیا، جبکہ 2 نامعلوم ساتھی فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق تھانہ گکھڑ منڈی کی حدود میں ڈکیتی، راہزنی، چوری اور سی سی ڈی گوجرانوالہ سے پولیس مقابلے کے مقدمات میں مطلوب خطرناک ڈاکو صلاح الدین عرف کاکو پولیس پارٹی پر فائرنگ کے بعد فرار ہونے کی کوشش کے دوران اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ صلاح الدین عرف کاکو درجنوں سنگین مقدمات میں مطلوب تھا، جبکہ اس کے 3 ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس نے فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس ڈی پی اوز کی نگرانی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور شہر بھر میں ناکہ بندی جاری ہے۔
سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کا کہنا ہے کہ پرامن اور محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کی بیخ کنی ناگزیر ہے۔
ادھر ضلع پتوکی اور ساہیوال میں مختلف پولیس مقابلوں میں 3 مبینہ ڈاکو ہلاک جبکہ متعدد ساتھی فرار ہوگئے۔
تھانہ صدر پتوکی کے علاقے واں آدھن پھاٹک کے قریب پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق 4 ڈاکو موٹر سائیکل سوار فیملی سے واردات کرکے فرار ہوئے تھے۔ اطلاع ملنے پر تھانہ صدر پولیس نے کارروائی کی تو ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے کھیتوں میں داخل ہوگئے۔
ایس ایچ او معروف خان کی سربراہی میں پولیس ٹیموں نے کھیتوں کا گھیراؤ کیا، جس دوران ڈاکو مسلسل فائرنگ کرتے رہے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ بند ہونے پر سرچ آپریشن کیا گیا تو 2 ڈاکو مردہ حالت میں پائے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے، جبکہ 2 ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ہلاک ڈاکوؤں کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
سی پی او پتوکی کا کہنا ہے کہ شہریوں کی جان و مال پر حملہ کرنے والے اور پولیس پر فائرنگ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔
ساہیوال کے نواحی علاقے 96 نائن ایل کے قریب سی سی ڈی پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلے میں ایک خطرناک ڈاکو ہلاک جبکہ 2 ساتھی فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ڈاکو سڑک کے درمیان لکڑیاں پھینک کر لوٹ مار کی غرض سے ناکہ لگائے ہوئے تھے۔ سی سی ڈی ٹیم کو آتا دیکھ کر ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کردی، جس کے بعد مقابلہ ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت تنویر کے نام سے ہوئی، جو 84 وارداتوں میں مطلوب تھا۔ ملزم موٹر سائیکل چوری، راہزنی، سرقہ بالجبر اور ناجائز اسلحہ کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔
ہلاک ڈاکو کی لاش ضروری کارروائی کے بعد ہسپتال منتقل کر دی گئی، جبکہ فرار ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل