Loading
پاکستانی گلوکار عاصم اظہر نے اپنے نئے گانے ’’تو ہے وہی دل نے جسے اپنا کہا‘‘ کے کور ورژن پر ہونے والی تنقید اور سوشل میڈیا شخصیت رجب بٹ سے جڑے تنازع پر پہلی بار کھل کر وضاحت پیش کر دی ہے۔
عاصم اظہر کا نیا گانا ریلیز ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آئیں۔ جہاں بعض مداحوں نے اس کا خیرمقدم کیا، وہیں متعدد صارفین نے کلاسک گیت کے نئے ورژن کو تنقید کا نشانہ بنایا اور رائے دی کہ اصل گانے کے معیار کو برقرار نہیں رکھا جا سکا۔
اس دوران سوشل میڈیا انفلوئنسر رجب بٹ نے گانے کی حمایت میں ایک لپ سنک ویڈیو شیئر کی، جس پر عاصم اظہر نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ تاہم رجب بٹ کی حمایت قبول کرنے کے بعد گلوکار خود بھی تنقید کی زد میں آ گئے اور سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے اس اقدام پر اعتراض اٹھایا۔
بڑھتی ہوئی بحث کے بعد عاصم اظہر نے انسٹاگرام پر ایک وضاحتی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ کسی شخص کا شکریہ ادا کرنا یا اس کی جانب سے ملنے والی محبت کا جواب دینا ہرگز اس بات کا اظہار نہیں کہ وہ اس فرد کی تمام آراء، سوچ یا اقدار سے اتفاق کرتے ہیں۔
View this post on Instagram
انہوں نے لکھا کہ وہ اپنے مداحوں اور سپورٹرز کے تحفظات کو نہ صرف سمجھتے ہیں بلکہ ان میں سے کئی نکات سے اتفاق بھی کرتے ہیں۔ عاصم اظہر کے مطابق ان کا مقصد صرف محبت اور حمایت کا جواب محبت سے دینا تھا اور اس معاملے کو اس سے زیادہ معنی نہیں دیے جانے چاہئیں۔
گلوکار نے صورتحال کو ہلکے پھلکے انداز میں سمیٹتے ہوئے مداحوں سے کہا کہ وہ ان کے نئے گانوں اور ’’میٹھے آموں‘‘ سے لطف اندوز ہوتے رہیں۔
اگرچہ عاصم اظہر نے اپنا مؤقف واضح کر دیا ہے، تاہم سوشل میڈیا پر اس معاملے پر بحث تاحال جاری ہے۔ کچھ صارفین کا خیال ہے کہ گلوکار کو رجب بٹ کی حمایت قبول نہیں کرنی چاہیے تھی، جبکہ رجب بٹ کے بعض حامیوں کا مؤقف ہے کہ عوامی ردعمل کے بعد عاصم اظہر نے خود کو ان سے دور کرنے کی کوشش کی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل