Monday, June 15, 2026
 

برازیل میں بنجی جمپ کے دوران حفاظتی رسی نہ لگنے سے 21 سالہ خاتون ہلاک

 



برازیل میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں بنجی جمپ کے دوران حفاظتی اقدامات میں سنگین غفلت کے باعث 21 سالہ خاتون ہلاک ہوگئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق برازیل میں 21 سالہ خاتون 40 میٹر بلند پل سے رسی کے ذریعے چھلانگ لگانے کے دوران جان کی بازی ہار گئی۔ خاتون کو ایڈونچر سرگرمی کے لیے پل سے نیچے دھکیلا گیا تاہم منتظمین مبینہ طور پر انہیں حفاظتی رسی سے باندھنا ہی بھول گئے تھے۔ ماریا ایڈوارڈا روڈریگز ڈی فریٹس نامی خاتون پہلی بار اس ایڈونچر گیم کا تجربہ کر رہی تھی اور اپنے خوف پر قابو پانے کے لیے اس میں حصہ لیا تھا، لیکن یہ تجربہ افسوسناک حادثے میں تبدیل ہو گیا۔ حکام واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں پولیس اور عینی شاہدین کے مطابق خاتون کو اس وقت پلیٹ فارم سے چھلانگ لگوائی گئی جب اس کی حفاظتی رسی درست طریقے سے منسلک نہیں کی گئی تھی۔ حادثے کے فوری بعد امدادی ٹیمیں اور فائر فائٹرز موقع پر پہنچ گئے تاہم خاتون شدید زخمی ہونے کے باعث موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ واقعے کے بعد انتظامات سے وابستہ چھ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ حکام نے غفلت اور قتلِ خطا کے پہلوؤں پر مشتمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔         View this post on Instagram                       حادثے سے کچھ دیر قبل خاتون نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر تصاویر بھی شیئر کی تھیں جن میں اس نے اس سرگرمی میں شرکت کی اجازت دینے پر سوال بھی اٹھایا تھا۔ دوسری جانب لیمیرا کے میئر موریلو فیلکس نے واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے خطرناک مقامات پر حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی حکام سے رجوع کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ذمہ داران کا تعین ضروری ہے کیونکہ اس مقام پر پہلے بھی خطرات موجود رہے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل