Sunday, June 21, 2026
 

برطانیہ میں خوفناک ٹرین حادثہ، ڈرائیور ہلاک، 9 مسافر کی حالت تشویشناک

 



لندن: برطانیہ میں لندن کے شمال میں واقع شہر بیڈفورڈ کے قریب دو مسافر ٹرینوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں ایک ٹرین ڈرائیور ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق حادثے کے بعد 9 افراد تاحال تشویشناک حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ برطانوی میڈیا کے مطابق حادثہ جمعہ کی شام مقامی وقت کے مطابق تقریباً 5 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا، جب لندن جانے والی دو مسافر ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ ایک ٹرین کا ڈرائیور موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔ حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں، پولیس، فائر بریگیڈ اور طبی عملہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گیا اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ برٹش ٹرانسپورٹ پولیس کی چیف کانسٹیبل لوسی ڈی اورسی کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے 80 سے زائد افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ تازہ ترین معلومات کے مطابق 28 افراد اب بھی اسپتال میں زیر علاج ہیں جبکہ 9 کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ حادثے کے عینی شاہد اور ایک ٹرین میں سوار ڈاکٹر پیٹر نیپ نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ تصادم اچانک ہوا اور ایک بوگی پٹری سے اتر گئی۔ ان کے مطابق بعض مسافروں کو شدید چوٹیں آئیں جن میں ٹانگوں کے فریکچر سمیت دیگر زخم شامل تھے۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ٹرین کا اگلا حصہ دوسری ٹرین کے پچھلے حصے سے بری طرح ٹکرا گیا، تاہم خوش قسمتی سے بیشتر بوگیاں سیدھی حالت میں رہیں جس سے مزید جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق حادثے میں شامل ایک ٹرین ناٹنگھم سے جبکہ دوسری کوربی سے لندن کے سینٹ پینکراس انٹرنیشنل اسٹیشن جا رہی تھی۔ اطلاعات ہیں کہ کوربی سے آنے والی ٹرین ممکنہ طور پر دوسری ٹرین کے عقب سے ٹکرائی۔ برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے حادثے کو "انتہائی افسوسناک سانحہ" قرار دیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ دوسری جانب برطانیہ کے بادشاہ شاہ چارلس سوم نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ حادثے کی صورتحال سے مسلسل آگاہی حاصل کر رہے ہیں اور ان کی ہمدردیاں متاثرین اور جاں بحق شخص کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ ریلوے حادثات کی تحقیقات کرنے والے ادارے اور برٹش ٹرانسپورٹ پولیس مشترکہ طور پر حادثے کی وجوہات کا تعین کر رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس مرحلے پر حادثے کی اصل وجہ کے بارے میں کوئی حتمی رائے قائم کرنا قبل از وقت ہوگا۔ حادثے کے بعد برطانیہ بھر میں ریلوے سیکیورٹی اور حفاظتی نظام کے حوالے سے نئی بحث شروع ہوگئی ہے جبکہ متاثرہ ریلوے روٹ پر سروسز بھی عارضی طور پر متاثر ہوئی ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل