Wednesday, July 01, 2026
 

دوحہ میں امریکا اور ایران کے درمیان خفیہ نوعیت کے تکنیکی مذاکرات شروع ہوگئے، عرب میڈیا

 



دوحہ: قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امریکا اور ایران کے درمیان تکنیکی سطح کے مذاکرات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق دونوں ممالک کے ماہرین مختلف اہم معاملات پر بات چیت کر رہے ہیں تاہم اس مرحلے پر دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کے درمیان براہِ راست ملاقات کا کوئی پروگرام نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق مذاکرات کا مقصد امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کے طریقہ کار کو آگے بڑھانا اور مختلف تکنیکی معاملات پر پیش رفت حاصل کرنا ہے۔ اطلاعات کے مطابق دوحہ میں کم از کم تین الگ الگ ورکنگ گروپس قائم کیے گئے ہیں، جو مختلف شعبوں پر تفصیلی بات چیت کر رہے ہیں۔ پہلا ورکنگ گروپ ایران کے جوہری پروگرام اور اس سے متعلق تکنیکی امور کا جائزہ لے رہا ہے، جبکہ دوسرا گروپ سفارتی معاملات، رابطوں اور آئندہ مذاکراتی فریم ورک پر غور کر رہا ہے۔ تیسرا ورکنگ گروپ ایران کے بیرون ملک منجمد مالی اثاثوں، فنڈز کی واپسی اور ممکنہ مالیاتی انتظامات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کر رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرچہ مذاکرات تکنیکی سطح پر جاری ہیں تاہم فی الحال دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ یا اعلیٰ سیاسی قیادت کے درمیان کسی براہِ راست ملاقات کا شیڈول طے نہیں کیا گیا۔ سیاسی مبصرین کے مطابق یہ مذاکرات دونوں ممالک کے درمیان اعتماد سازی کی کوششوں کا حصہ ہیں۔ اگر تکنیکی مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوتی ہے تو مستقبل میں اعلیٰ سطح کے مذاکرات کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ دوحہ میں ہونے والی یہ بات چیت نہ صرف ایران اور امریکا کے تعلقات بلکہ مشرق وسطیٰ کی مجموعی سکیورٹی، اقتصادی استحکام اور عالمی توانائی کی منڈیوں کے لیے بھی اہمیت رکھتی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل