Wednesday, July 15, 2026
 

سعودی عرب میں غیر اخلاقی سرگرمیاں؛ عمرہ ویزا پر جانیوالی خاتون مسافر آف لوڈ

 



عمرہ ویزا پر جانے والی خاتون مسافر کو آف لوڈ کردیا گیا، جو ماضی کے سفروں میں سعودی عرب میں غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث رہی۔ ترجمان کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے عمرہ ویزا پر سعودی عرب جانے والی ایک خاتون مسافر کو آف لوڈ کر دیا، جس کی شناخت انعم کے نام سے ہوئی، جو پاکستانی پاسپورٹ پر عمرہ ویزا کے ذریعے سعودی عرب روانہ ہو رہی تھی۔ دوران امیگریشن کلیئرنس خاتون مسافر کو مشکوک سفری معلومات کی بنیاد پر مزید جانچ پڑتال اور انٹرویو کے لیے روکا گیا اور اس دوران اس نے انکشاف کیا کہ اس نے سعودی عرب میں مقیم اپنے دوست الیاس سے ویزا کا انتظام کرنے کی درخواست کی تھی۔ خاتون مسافر نے اعتراف کیا کہ وہ اس سے قبل 2 مرتبہ سعودی عرب جا چکی ہے، جہاں ہر مرتبہ تقریباً 3 ماہ قیام کیا اور غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث رہی۔ اس کے سابقہ دونوں سفری انتظامات سعودی عرب میں مقیم ذیشان نے کیے تھے، جبکہ مانی نامی شخص نے اسے دمام میں وصول کر کے رہائش کا انتظام کیا۔ خاتون مسافر نے مزید بتایا کہ اسے اس سرگرمی کے عوض ماہانہ تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے ادا کیے جاتے تھے، جبکہ ویزا اور سفر کے اخراجات اس کی آمدن سے منہا کیے جاتے تھے۔ خاتون نے مزید انکشاف کیا کہ موجودہ سفر کے تمام انتظامات الیاس نے کیے ہیں اور وہ اس مرتبہ کسی ایجنٹ کے بجائے خود کام کرنے کا ارادہ رکھتی تھی۔ ترجمان کے مطابق خاتون کے موبائل فون کی جانچ کے دوران متعدد وائس میسجز اور تصاویر برآمد ہوئیں، جن کے بارے میں اس نے سابقہ سرگرمیوں اور موجودہ سفر کے مقصد کا اعتراف کیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق معاملہ انسانی اسمگلنگ اور تجارتی جنسی استحصال سے متعلق معلوم ہوتا ہے۔ ایف آئی اے امیگریشن حکام نے خاتون مسافر کو آف لوڈ کر کے مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل