Tuesday, July 14, 2026
 

آبنائے ہرمز میں جہازوں پر میزائل حملے، ایک بھارتی ملاح ہلاک، بھارتی سفارتخانے کی تصدیق

 



ابوظبی: متحدہ عرب امارات میں بھارتی سفارتخانے نے تصدیق کی ہے کہ آبنائے ہرمز میں دو تجارتی جہازوں پر ہونے والے میزائل حملوں میں ایک بھارتی ملاح ہلاک ہو گیا ہے۔ بھارتی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق حملوں کا نشانہ بننے والے دونوں بحری جہاز البحیہ اور مومباسا بی تھے۔ اطلاعات کے مطابق عمانی سمندری حدود میں بھارتی شہری کی ہلاکت پر بھارت نے ایران کے نائب سفیر کو طلب کر لیا اور احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔  سفارتخانے نے اپنے بیان میں بھارتی ملاح کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندان سے تعزیت کی جاتی ہے۔ بیان کے مطابق بھارتی سفارتخانہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور زخمی ہونے والے افراد اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن سفارتی اور قونصلر معاونت فراہم کرنے کے لیے مقامی حکام سے رابطے میں ہے۔ سفارتخانے نے کہا کہ واقعے سے متعلق تمام پیش رفت پر نظر رکھی جا رہی ہے اور ضرورت پڑنے پر مزید امدادی اقدامات بھی کیے جائیں گے۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب آبنائے ہرمز میں حالیہ فوجی کشیدگی کے باعث تجارتی جہازوں کی سلامتی کے حوالے سے خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔ عالمی بحری صنعت اور مختلف ممالک اس اہم آبی گزرگاہ میں سیکیورٹی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ تاحال حملے کی مزید تفصیلات، ہلاک ہونے والے بھارتی شہری کی شناخت یا زخمیوں کی تعداد کے بارے میں سرکاری طور پر مزید معلومات جاری نہیں کی گئیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل