Wednesday, July 15, 2026
 

آئی سی سی نے ون ڈے اور ٹی20 ورلڈ کپ کے فارمیٹس میں بڑی تبدیلیوں کی منظوری دے دی

 



انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کرکٹ کو مزید دلچسپ بنانے کے لیے ون ڈے ورلڈ کپ 2027 اور ٹی20 ورلڈ کپ 2028 کے فارمیٹس میں اہم تبدیلیوں کی منظوری دے دی۔ آئی سی سی کی ایڈنبرا میں ہونے والی سالانہ جنرل میٹنگ کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق دونوں بڑے عالمی ٹورنامنٹس نئے فارمیٹ کے تحت کھیلے جائیں گے جن میں ناک آؤٹ مرحلے تک پہنچنے کے لیے ٹیموں کو اضافی چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا۔ ون ڈے ورلڈ کپ 2027 کا نیا فارمیٹ جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ 2027 میں 14 ٹیمیں شریک ہوں گی، تاہم اب فائنل تک رسائی کے لیے تین مراحل پر مشتمل نیا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں کوالیفائی کرنے والی 14 ٹیموں میں سے نچلی تین ٹیمیں راؤنڈ رابن سپر سیریز کھیلیں گی جس کی فاتح ٹیم اگلے مرحلے میں جگہ بنائے گی۔ دوسرے مرحلے میں باقی 12 ٹیموں کو چھ، چھ ٹیموں کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا جہاں ہر گروپ میں راؤنڈ رابن فارمیٹ کے تحت میچز ہوں گے۔ دونوں گروپس کی ٹاپ تین، تین ٹیمیں اور اگلی بہترین پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم سپر 7 مرحلے میں پہنچے گی۔ تیسرے مرحلے یعنی سپر 7 میں سات ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف کھیلیں گی جس کے بعد ٹاپ چار ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ سیمی فائنل اور فائنل پرانے فارمیٹ کے مطابق ہی کھیلے جائیں گے۔ ٹی20 ورلڈ کپ 2028 میں بھی نیا فارمیٹ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ 2028 میں 20 ٹیمیں ہی شریک ہوں گی تاہم ٹورنامنٹ کے دوسرے مرحلے کو مزید دلچسپ بنانے کے لیے فارمیٹ میں تبدیلی کی گئی ہے۔ گروپ مرحلے میں 20 ٹیموں کو چار ٹیموں پر مشتمل پانچ گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سپر 10 مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ سپر 10 مرحلے میں پانچ، پانچ ٹیموں کے دو گروپس ہوں گے۔ ہر گروپ کی پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم براہ راست سیمی فائنل میں پہنچے گی۔ باقی دو سیمی فائنلسٹ ٹیموں کا فیصلہ نئے ایلیمنیٹر مرحلے کے ذریعے ہوگا جہاں ہر گروپ کی دوسرے نمبر کی ٹیم مخالف گروپ کی تیسرے نمبر کی ٹیم سے مقابلہ کرے گی۔ ان میچز کی فاتح ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنائیں گی۔ آئی سی سی کے مطابق نئے فارمیٹس کا مقصد عالمی ایونٹس کو مزید سنسنی خیز بنانا، ابھرتی ہوئی ٹیموں کو زیادہ مواقع فراہم کرنا اور مقابلے کو آخری مرحلے تک دلچسپ رکھنا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل