Loading
کراچی کے علاقے موچکو یوسف گوٹھ بس ٹرمینل کے قریب ٹریلر نے موٹر سائیکل سوار 3 افراد کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں نوجوان جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں 4 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگئے۔
ایس ایچ او سہیل فاروق نے بتایا کہ ٹریلر کی ٹکر سے جاں بحق نوجوان کی شناخت 18 سالہ رحمان اور زخمیوں کی 23 سالہ شہریار اور 32 سالہ زین کے نام سے شناخت ہوئی ہے، جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس نے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور زمان کو گرفتار کر کے ٹریلر اور متوفی کی موٹر سائیکل قبضے میں لے کر تھانے منتقل کر دی اور اس حوالے سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
ادھر گلشن معمار کے علاقے ناردن بائی پاس عباس کٹ کے قریب ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار مدد گار 15 پولیس کا اہلکار خالد زخمی ہوگیا، جسے طبی امداد کے لیے نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ایس ایچ او گلشن معمار محمد علی نیازی نے بتایا کہ حادثہ رکشے کی ٹکر سے پیش آیا ہے جس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تاہم پولیس نے رکشا اپنے قبضے میں لے کر ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔
کلفٹن میں بلاول چورنگی کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک اور پولیس اہلکار زخمی ہوگیا، ایس ایچ او بوٹ بیسن ریاض نیازی کا کہنا تھا کہ حادثہ کار کی ٹکر سے پیش آیا ہے جس کے ڈرائیور کو پولیس نے حراست میں لے کر کار قبضے میں لے لی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ زخمی کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل محبوب کے نام سے ہوئی ہے جو اسپیشل برانچ میں تعینات ہے اور حادثے کے وقت موٹر سائیکل پر سوار تھا۔
حکام کے مطابق بلدیہ نمبر 2 پولیس چوکی کے قریب ٹریفک حادثے میں پولیس اہلکار 35 سالہ جاوید اور نمائش چورنگی کے قریب ٹریفک حادثے میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے ٹریفک پولیس اہلکار اکرم زخمی ہوگئے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل