Loading
کراچی: شہر قائد کے علاقے نیو کراچی میں نجی بینک کے اندر ڈکیتی کی ناکام کوشش کے دوران ڈاکو سیکیورٹی گارڈ کا اسلحہ چھین کر فرار ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بینک میں واردات کے دوران الارم بجنے پر ڈاکو واردات چھوڑ کر بھاگ نکلے جبکہ ڈاکوؤں کے تشدد سے سیکیورٹی گارڈ زخمی بھی ہوگیا۔
جمعے کی دوپہر نیو کراچی سندھی ہوٹل کے قریب قائم نجی بینک میں موٹرسائیکل پر 3 ڈاکو آئے، اس حوالے علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق 2 ڈاکوؤں نے ہیلمٹ جبکہ ایک نے ڈاکو برقع پہنا ہوا تھا اور بینک میں داخل ہو رہے تھے۔
اس دوران بینک کے داخلی دروازے پر سیکیورٹی گارڈ نے انھیں روکنے کی کوشش جس پر ڈاکوؤں نے گارڈ کو تشدد کا نشانہ بنا کر اس سے اسلحہ چھین لیا اس دوران سیکیورٹی الارم بجنے پر تینوں ڈاکو بینک لوٹے بغیر سیکیورٹی گارڈ کا چھینا گیا اسلحہ لیکر فرار ہوگئے۔
ترجمان ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے واردات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور فوری طور پر کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے شواہد حاصل کیے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے واردات میں ملوث ڈاکوؤں کا سراغ لگانے کی کوششیں کر رہی ہے۔
ایس ایچ او بلال کالونی راؤ شبیر نے بتایا واردات کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کے لیے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) کو منتقل کر دیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل