Friday, August 07, 2026
 

آج ملک بھر میں شاہراہوں پر پرامن احتجاج کیا جائے گا، لیاقت بلوچ

 



جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی نہ کرنے اور لیوی ٹیکس کے خلاف آج ملک بھر میں شاہراہوں پر پرامن احتجاج کیا جائے گا۔ اپنے بیان میں لیاقت بلوچ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے حقوق کے لیے گھروں سے نکلیں اور احتجاج میں بھرپور شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران عوامی دباؤ کے سامنے سرنڈر کرنے پر مجبور ہو جائیں گے، موجودہ حکومت کی بھتہ خوری عوام کے لیے ہرگز قابل قبول نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمران نوشتہ دیوار پڑھیں، عوامی جذبات کا لاوا پھٹنے کو ہے، حکمران عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈال کر خزانہ بھرنے کی روش سے باز آ جائیں۔ واضح رہے کہ جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی کیخلاف آج بروز جمعہ 7 اگست کو ملک بھر میں 510 مقامات پر دھرنوں اور سڑکیں بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں 510 مقامات پر پُرامن دھرنے ہوں گے، سڑکیں بند کریں گے، صرف ایمبولینس کو راستہ ملے گا۔ رکاوٹیں کھڑی کی گئیں تو لیوی کے خلاف احتجاج حکومت گراؤ تحریک میں بدل دیا جائے گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل