Saturday, August 08, 2026
 

ٹام ہالینڈ نے ’اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘ کا اہم جذباتی منظر خود تخلیق کیا

 



ہالی ووڈ کی نئی سپر ہیرو فلم ’اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘ میں اداکار ٹام ہالینڈ نے اپنی اداکاری کے ساتھ ساتھ تخلیقی صلاحیتوں کا بھی مظاہرہ کیا ہے۔ فلم کے ہدایت کار کے مطابق فلم کے ایک اہم اور جذباتی منظر میں شامل مکالمہ ٹام ہالینڈ نے خود موقع پر اداکاری کے دوران پیش کیا، جو بعد میں فلم کے نمایاں حصوں میں شمار ہونے لگا۔ فلم کے ہدایت کار ڈیسٹن ڈینیئل کریٹن نے انکشاف کیا کہ 30 سالہ ٹام ہالینڈ نے فلم کی شوٹنگ کے دوران ایک مکالمہ اپنی طرف سے آزمانے کی اجازت مانگی تھی۔ ہدایت کار کے مطابق اداکار کی جانب سے تجویز کردہ یہ جملہ بعد میں پوری فلم کے جذباتی سفر کے لیے ایک اہم نکتے کی حیثیت اختیار کرگیا۔ یہ منظر اس وقت کا ہے جب پیٹر پارکر اپنی آنٹی مے کی قبر پر جاتا ہے۔ اسی موقع پر ٹام ہالینڈ نے اسکرپٹ میں موجود مکالمے کے ساتھ اپنی طرف سے ایک اضافی جملہ شامل کیا۔ فلم کی عکس بندی کو یاد کرتے ہوئے ڈیسٹن ڈینیئل کریٹن نے بتایا کہ ٹام ہالینڈ ان کے پاس آئے اور کہا کہ وہ ایک مکالمہ اپنی مرضی سے آزمانا چاہتے ہیں۔ ہدایت کار کے مطابق جیسے ہی ٹام نے یہ جملہ ادا کیا کہ ’’آپ کو یہ جان کر خوشی ہوگی کہ میں نے فیصلہ کیا ہے کہ اب میں یہ سب اکیلے نہیں کروں گا‘‘، یہ مکالمہ پوری فلم کی سمت متعین کرنے والے اہم عناصر میں شامل ہوگیا۔ ہدایت کار کا کہنا ہے کہ ٹام ہالینڈ کی جانب سے موقع پر کیا گیا یہ اضافہ فلم کے بہترین اور یادگار حصوں میں شمار ہوا اور اس نے پیٹر پارکر کے جذبات کو مزید گہرائی فراہم کی۔ دوسری جانب ’اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘ نے ریلیز کے بعد باکس آفس پر بھی شاندار آغاز کیا ہے اور ابتدائی ویک اینڈ میں ریکارڈ قائم کرتے ہوئے ’ایونجرز: اینڈگیم‘ کا سابقہ ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ فلم میں ٹام ہالینڈ کے علاوہ زینڈایا، جیکب بیٹالون، جون برنتھل اور سیڈی سنک اہم کرداروں میں نظر آرہے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل