Saturday, August 08, 2026
 

فیفا صدر کیخلاف اختلافات میں اضافہ، ناروے فٹبال فیڈریشن نے بڑا مطالبہ کر دیا

 



فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کے صدر جانی انفانٹینو کے خلاف اختلافات شدت اختیار کرگئے، ناروے فٹبال فیڈریشن نے انفانٹینو سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا جبکہ یورپی فٹبال کی تنظیم یوئیفا نے فیفا کے مقابلوں کے بائیکاٹ کی دھمکی دے رکھی ہے۔ ناروے فٹبال فیڈریشن کی صدر لیز کلاونیس نے کہا کہ انفانٹینو نے فٹبال برادری کا اعتماد کھو دیا اور اب انہیں فیفا کی قیادت جاری نہیں رکھنی چاہیے، عالمی فٹبال کو طاقت کی کشمکش کے بجائے مؤثر حکمرانی اور اصلاحات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب یوئیفا نے بھی واضح کیا کہ جب تک یقین دہانی نہیں کرائی جاتی کہ ورلڈ کپ اور دیگر فٹبال مقابلوں کی ملکیت یا انتظام کو نجی سرمایہ کاروں کے حوالے کرنے جیسی کوشش دوبارہ نہیں کی جائے گی، یورپی ٹیمیں فیفا کے مقابلوں کے بائیکاٹ کے مؤقف پر قائم رہیں گی۔ تاہم میکسیکو اور ارجنٹائن کی فٹبال فیڈریشنز نے انفانٹینو کی حمایت کردی ہے جبکہ افریقی فٹبال کنفیڈریشن بھی متفقہ طور پر ان کی قیادت کی حمایت کرچکی ہے۔ جنوبی امریکی فٹبال کنفیڈریشن نے اگرچہ انفانٹینو کی حمایت یا مخالفت کے بجائے یک طرفہ فیصلوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ دوسری جانب فیفا کا مؤقف ہے کہ تجارتی حقوق سے متعلق تمام اقدامات تنظیم کے قواعد کے مطابق تھے اور غلطیاں حکمرانی کے قواعد کی خلاف ورزی کے بجائے طریقہ کار اور رابطہ کاری سے متعلق تھیں۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل