Loading
بھارتی اداکارہ اور سیاست دان کنگنا رناوت نے نوجوان نسل کے بارے میں اپنے سخت مؤقف سے اچانک رجوع کرتے ہوئے جین زی کو بھارت کا قیمتی اثاثہ اور ملک کی اصل طاقت قرار دے دیا۔
چند روز قبل نئی نسل کے احتجاج اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز پر شدید برہمی کا اظہار کرنے والی کنگنا رناوت نے اب میڈیا سے گفتگو میں بالکل مختلف انداز اپنایا ہے۔ بھارتی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جین زی بھارت کی اصل طاقت ہیں اور یہ بات باعثِ خوشی ہے کہ ملک کے نوجوان اب بھارتی ثقافت اور قومی شناخت کے سفیر بن کر سامنے آرہے ہیں۔
کنگنا کا تازہ بیان اس لیے بھی توجہ کا مرکز بن گیا ہے کیونکہ کچھ ہی دن قبل ان کا لہجہ نوجوانوں کے لیے انتہائی سخت تھا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی رکن پارلیمنٹ کنگنا رناوت نے نیٹ امتحان سے متعلق حکومت مخالف مظاہروں کے تناظر میں سوشل میڈیا پر نئی نسل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
اداکارہ نے اس وقت نوجوانوں کے احتجاجی مظاہروں اور سوشل میڈیا ویڈیوز پر ردعمل دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی میں ایک جگہ اتنی بدصورتی اور گندگی نہیں دیکھی۔ انہوں نے مغربی ثقافت سے متاثرہ نئی نسل کی خواتین کو ’جنریشن گٹر‘ تک قرار دیا تھا۔
کنگنا نے اپنے سابقہ بیان میں سوشل میڈیا پر موجود بعض ویڈیوز کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ایسی ویڈیوز دیکھ کر انہیں الٹی آنے لگتی ہے۔ ان کے مطابق نوجوان خود کو اور دنیا کو اپنی ’’گندگی‘‘ کا نشانہ بنا رہے ہیں اور یہ سب دیکھنے کے بعد انہیں سوشل میڈیا سے کچھ عرصے کے لیے دور رہنے کی ضرورت محسوس ہوتی ہے۔
تاہم ان بیانات پر عوام اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آنے کے بعد کنگنا کا مؤقف تبدیل ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ تازہ بیان میں انہوں نے نوجوانوں پر تنقید کے بجائے جین زی کو بھارت کی طاقت اور ثقافتی شناخت کے فروغ کا اہم ذریعہ قرار دیا ہے، جسے ان کے سابقہ مؤقف سے واضح یوٹرن قرار دیا جارہا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل