Loading
موسلادھار بارش نے جڑواں شہروں میں خطرے کی گھنٹی بجا دی نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے کے بعد گوالمنڈی اور کٹاریاں کے علاقوں سے شہریوں کا انخلا شروع کر دیا گیا۔
رات ایک بجے سے شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ صبح تک جاری رہا، جس کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح مسلسل بڑھتی رہی۔ صورتحال کے پیش نظر راولپنڈی اور اسلام آباد میں سیلابی کیفیت کے خطرے کے سائرن بھی بجا دیے گئے۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک فوج سے مدد طلب کرلی ہے۔
نالہ لئی کے کٹاریاں مقام پر پانی کی سطح 22 فٹ تک پہنچ گئی جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر پانی 17.5 فٹ کی سطح تک بلند ہوگیا۔
حکام کے مطابق صرف آدھے گھنٹے کے دوران کٹاریاں میں پانی کی سطح 21.5 فٹ سے بڑھ کر 22 فٹ اور گوالمنڈی میں 15 فٹ سے بڑھ کر 17.5 فٹ ہوگئی۔
بارش کے اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد کے گولڑہ کے علاقے میں سب سے زیادہ 113 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ سیدپور ویلج میں 71 ملی میٹر، پی ایم ڈی ایچ ایٹ میں 57 ملی میٹر اور بوکرا آئی 12 میں 45 ملی میٹر بارش ہوئی۔
راولپنڈی میں نیو کٹاریاں میں 59 ملی میٹر، پیرودھائی میں 51 ملی میٹر، شمس آباد اور گوالمنڈی میں 45 ملی میٹر جبکہ کچہری چکلالہ کے قریب 33 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ جڑواں شہروں میں بارش کا اوسط ریکارڈ 75.44 ملی میٹر رہا۔
نالہ لئی میں پانی کی سطح بڑھنے کے بعد نشیبی علاقوں میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے جبکہ گوالمنڈی اور کٹاریاں میں شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور نالہ لئی کے اطراف غیر ضروری آمدورفت سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل