Wednesday, August 12, 2026
 

بارش سے پنڈی کے نشیبی علاقوں میں پانی، دریائے سواں میں گرنے والی خاتون کی لاش نکال لی گئی

 



جڑواں شہروں میں رات گئے شروع ہونے والی موسلادھار بارش نے راولپنڈی کے نشیبی علاقوں کو ایک بار پھر پانی پانی کردیا، نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے پر گوالمنڈی اور کٹاریاں میں خطرے کے سائرن بجا کر انخلا شروع کرنا پڑا، ہولی فیملی ہسپتال کی او پی ڈی میں بھی پانی داخل ہوگیا، جبکہ دریائے سواں میں ڈوبنے والی 28 سالہ خاتون کی لاش بھی نکال لی گئی۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں رات ایک بجے شروع ہونے والے بارش کے شدید اسپیل نے چند ہی گھنٹوں میں نالہ لئی سمیت نشیبی علاقوں کی صورتحال بدل دی، اسلام آباد کے گولڑہ کے علاقے میں سب سے زیادہ 114 ملی میٹر جبکہ سیدپور میں 71 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، بارش کا بیسن مین 76 اعشاریہ 05 ملی میٹر تک پہنچ گیا، پانی کا بڑا ریلا نالہ لئی میں پہنچا تو کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 22 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں ساڑھے 17 فٹ تک جا پہنچی، جس کے بعد خطرے کے سائرن بجا کر انخلا کا عمل شروع کردیا گیا، شدید بارش سے راولپنڈی کے متعدد نشیبی علاقے بھی متاثر ہوئے، ندیم کالونی، جاوید کالونی، جامع مسجد روڈ، صادق آباد، ڈھوک کھبہ، جان کالونی، پیرودھائی اور دیگر علاقوں میں پانی گلیوں اور سڑکوں سے ہوتا ہوا گھروں میں داخل ہوگیا، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ طوفانی بارش سے ہولی فیملی اسپتال بھی متاثر ہوا، بارش کا پانی اسپتال کی او پی ڈی میں داخل ہونے سے مریضوں اور لواحقین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، او پی ڈی میں موجود مریضوں کو دیگر وارڈز میں منتقل کردیا گیا، ہسپتال انتظامیہ کے مطابق بعد میں او پی ڈی سے پانی کی مکمل نکاسی کرکے اسے کلیئر کردیا گیا، بارش اور سیلابی صورتحال کے دوران دریائے سواں میں ایک خاتون کے ڈوبنے کا واقعہ بھی سامنے آیا۔ ریسکیو ٹیموں نے سرچ آپریشن کے بعد خاتون کی لاش نکال لی، جس کی شناخت 28 سالہ کومل جان کے نام سے ہوئی، جو گلستان کالونی کی رہائشی تھیں۔ ذرائع کے مطابق سواں پل کے اوپر سے خاتون کی موٹرسائیکل اور ہینڈ بیگ ملا جبکہ ہینڈ بیگ میں موجود شناختی کارڈ سے ان کی شناخت ہوئی۔ عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ دریائے سواں میں گرنے سے قبل خاتون موبائل فون پر کسی سے بات کررہی تھیں۔ پولیس واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مبینہ خودکشی سمیت مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کررہی ہے، بارش کا زور ٹوٹنے کے بعد نالہ لئی میں صورتحال تیزی سے معمول پر آرہی ہے اب کٹاریاں کے مقام پر پانی 6 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں 4 فٹ کی سطح پر آگیا ہے۔ انتظامیہ نے انخلا کی صورتحال ختم کردی ہے تاہم متعلقہ اداروں کو الرٹ رکھا گیا ہے۔  دریں اثنا جڑواں شہروں میں بارش کا شدید اسپیل گزرنے کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح میں نمایاں کمی آچکی ہے، تاہم نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کا عمل جاری ہے جبکہ مزید بارش کے خدشے کے پیش نظر ریسکیو 1122، واسا اور ضلعی انتظامیہ سمیت متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل