Loading
وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے یومِ فتح کے موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان، حکومت اور برادر عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ 30 اگست ترکیہ کی تاریخ میں ایک تاریخی فتح کی یاد دلاتا ہے، جو غازی مصطفیٰ کمال اتاترک کی قیادت میں حاصل ہوئی اور جس نے جدید ترک جمہوریہ کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اس قابل فخر ورثے، حوصلے اور قومی عزم کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات محض سفارتی روابط نہیں بلکہ دلوں کے رشتے ہیں، جو صدیوں پر محیط مشترکہ ایمان، تاریخ اور جدوجہد سے مضبوط ہوئے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک نے حال ہی میں مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کے ذریعے اس دیرینہ برادرانہ تعلق کو اسٹریٹجک سطح پر مزید مضبوط کیا ہے جس کے تحت پاکستان، ترکیہ اور برادر ملک سعودی عرب مشترکہ سلامتی اور اجتماعی دفاعی صلاحیت کے حصول کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔
شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان دونوں ممالک کی مشترکہ خوشحالی اور سلامتی کے لیے ترکیہ کے ساتھ تمام شعبوں میں اسٹریٹجک شراکت داری مزید مستحکم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیراعظم نے دعا کی کہ پاکستان اور ترکیہ کی دیرینہ دوستی اور برادرانہ تعلقات آنے والی نسلوں تک مزید مضبوط اور مستحکم ہوتے رہیں۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام کا اختتام ترک زبان کے الفاظ "یاشاسن پاکستان–ترکیہ کاردشلیغی!" سے کیا، جس کا مطلب ہے: پاکستان اور ترکیہ کی برادرانہ دوستی زندہ باد!
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل