Loading
بھارتی پنجابی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ کا نیا گانا ’ڈیول‘ ریلیز ہوتے ہی سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گیا ہے۔ گانے کی میوزک ویڈیو میں احتجاج، پولیس اور مظاہرین کے درمیان کشیدگی اور جھڑپوں کے مناظر شامل ہیں، جس کے باعث بعض صارفین اسے جولائی میں ہونے والے حالیہ طلبا احتجاج سے جوڑ رہے ہیں۔
میوزک ویڈیو میں بڑی تعداد میں افراد کو احتجاج کرتے اور پلے کارڈز اٹھائے دکھایا گیا ہے، جن پر ’Save Our Future‘ اور ’Our Future, Our Fight‘ جیسے پیغامات درج ہیں۔ اگرچہ ویڈیو میں کسی مخصوص احتجاج، تنظیم یا تحریک کا نام نہیں لیا گیا، لیکن اس کے مناظر نے ناظرین کو حالیہ طلبا مظاہروں کی یاد دلا دی ہے۔
ویڈیو کے ایک حصے میں دلجیت دوسانجھ مظاہرین کے ہجوم کے درمیان موجود نظر آتے ہیں، جبکہ دوسری جانب پولیس اور احتجاج کرنے والوں کے درمیان حالات کشیدہ ہوتے دکھائے گئے ہیں۔ ویڈیو کے اختتامی مناظر میں ایک کم عمر لڑکی سفید گلاب ہاتھ میں لیے ایک پولیس اہلکار کی طرف بڑھتی ہے، جس پر اہلکار آگے آکر اسے گلے لگا لیتا ہے۔
گانے کے اختتام پر ’Don’t try this at home‘ کا پیغام دکھائی دیتا ہے، جس کے فوراً بعد ’I’m An Artist Bro‘ کے الفاظ سامنے آتے ہیں۔ انہی احتجاجی مناظر کی وجہ سے سوشل میڈیا صارفین میں یہ بحث چھڑ گئی کہ آیا ویڈیو میں حالیہ طلبا احتجاج کی عکاسی کی گئی ہے یا یہ محض ایک تخلیقی پیشکش ہے۔
اس بحث کے دوران دلجیت کے وہ بیانات بھی دوبارہ زیرِتوجہ آگئے جو انہوں نے جولائی میں طلبا احتجاج کے دوران دیے تھے۔ ایک انسٹاگرام لائیو سیشن میں احتجاج سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے دلجیت نے خود کو فنکار قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ سیاست دان نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ٹور میں مصروف تھے، اس لیے صورتِ حال سے مکمل طور پر آگاہ نہیں تھے۔
بعد میں دلجیت نے طلبا کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ طلبا کے ساتھ اس طرح کا سلوک نہیں ہونا چاہیے تھا اور حکام کو ان کے مطالبات سننے چاہئیں۔
دلجیت نے اس موقع پر اپنے خلاف ماضی میں لگنے والے الزامات کا بھی حوالہ دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں کئی مرتبہ ’اینٹی نیشنل‘ قرار دیا جاچکا ہے اور خدشہ ظاہر کیا تھا کہ اس معاملے میں بھی انہیں اسی نوعیت کے الزامات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
’ڈیول‘ کی ویڈیو نے ایک طرف احتجاجی مناظر کے باعث ناظرین کی توجہ حاصل کی ہے تو دوسری طرف دلجیت کے سابقہ بیانات نے اس بحث کو مزید تقویت دی ہے۔ تاہم گلوکار کی جانب سے ویڈیو کو کسی مخصوص طلبا احتجاج سے منسلک کرنے کی کوئی واضح تصدیق سامنے نہیں آئی۔
واضح رہے کہ ’ڈیول‘ دلجیت دوسانجھ کے ای پی ’I’m An Artist Bro‘ میں شامل سات گانوں میں سے ایک ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل