Loading
نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے)کراچی نے ملیر کے علاقے کوثر ٹاؤن میں کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر غیر ملکی شہریوں کو فراڈ کا نشانہ بنانے والے کال سینٹر کا انکشاف کرکے اس کے مالکان سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
این سی سی آئی اے کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان غیر ملکی بینکوں کے افسران ظاہر کرکے متاثرہ افراد سے رابطہ کرتے تھے اور انہیں دھوکے سے حساس ذاتی اور مالی معلومات فراہم کرنے پر آمادہ کرتے تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ ملزمان متاثرین سے ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز سمیت دیگر مالی معلومات بھی حاصل کرتے تھے، جنہیں بعدازاں فراڈ پر مبنی سرگرمیوں میں استعمال کیا جاتا تھا۔
کارروائی کے دوران کال سینٹر کےمبینہ مالکان بلال رضا اور عبداللہ سمیت 7 افراد کو گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان میں کال سینٹر کے آپریٹرز اور ایجنٹس بھی شامل ہیں۔
حکام نے بتایا کہ کارروائی کے دوران کال سینٹر کے احاطے سے متعدد لیپ ٹاپس اور موبائل فونز بھی برآمد کیے گئے ہیں، جنہیں مزید تفتیش اور فرانزک تجزیے کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
این سی سی آئی اے کراچی نے کارروائی کے بعد ایف آئی آر درج کرلی ہے، جس میں PECA 2025 کی دفعات 3، 4، 13، 14، 16 اور 26، پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 109 اور 34 شامل کی گئی ہیں۔
این سی سی آئی اے کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، فراڈ کے اس نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل