Loading
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں سسٹم داخل ہونے کے بعد بارش ہوئی جس کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
موسمیاتی ماہرین کی پیش گوئی کے مطابق شہر میں مغرب کے بعد بارش برسانے والا سسٹم داخل ہوا جس کے بعد گرج چمک دیکھی گئی۔
اس کے بعد بن قاسم ٹاؤن، گلشن حدید اور قائد آباد میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ جس کے بعد شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے جبکہ گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
سندھ میں ایمرجنسی نافذ
دوسری جانب وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے متوقع بارشوں کے پیش نظر سندھ کے تمام بلدیاتی اداروں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے ہائی الرٹ جاری کردیا۔ انہوں نے واٹر بورڈ سمیت تمام متعلقہ اداروں کے افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ جبکہ تمام افسران و ملازمین فوری طور پر اپنی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں کوئی غفلت برداشت نہیں ہوگی۔
ناصر حسین شاہ نے ہدایت کی کہ نشیبی علاقوں اور اہم شاہراہوں پر بارش کے پانی کی فوری نکاسی کے انتظامات کیے جائیں،ڈی واٹرنگ پمپس، مشینری اور دیگر ضروری وسائل کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ برساتی نالوں اور آبی گزرگاہوں میں پانی کے بہاؤ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، بارش سے قبل نالوں، ڈرینج لائنوں اور آبی گزرگاہوں سے تمام رکاوٹیں دور کی جائیں، بلدیاتی ادارے بارش کے دوران فیلڈ میں موجود رہیں اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کریں۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے سے کام کریں، شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔ ناصر شاہ نے اپیل کی کہ بارش کے دوران شہری بجلی کے کھمبوں، تاروں اور دیگر بجلی کی تنصیبات سے دور رہیں، تیز بارش اور ہواؤں کے دوران درختوں اور ہورڈنگز کے نیچے کھڑے ہونے سے گریز کریں۔
کے الیکٹرک کا ہائی الرٹ
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق کراچی و گردونواح میں بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر فیلڈ اسٹاف الرٹ پر ہے۔ ترجمان نے کہا کہ شہری تیز ہواؤں اور بارش کے دوران برقی آلات کے استعمال میں احتیاط کریں جبکہ بارش اور کھڑے پانی میں پانی کی موٹر جیسے برقی آلات کا غیر محفوظ استعمال حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔
اپیل کی گئی کہ شہری ٹی وی انٹر نیٹ کیبلز و دیگر ٹوٹے ہوئے تاروں، بجلی کے ترسیلی تنصیبات سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں جبکہ غیر قانونی ذرائع سے بجلی کا حصول اور کنڈے جان لیوا حادثات کا سبب بنتے ہیں۔
ترجمان کے الیکٹرک نے کہا کہ بجلی سپلائی سے متعلق ایمرجنسی کی صورتحال میں 118 کال سینٹر پر رابطہ کیا جا سکتا ہے، حفاظتی بنیاد پر کچھ علاقوں میں بجلی سپلائی معطل کی جا سکتی ہے۔ بارش رکنے اور فیلڈ ٹیموں سے کلیرنس کے بعد سپلائی بحال کی جاتی ہے۔
کے الیکٹرک ترجمان کا کہنا تھا کہ شہری مزید مدد کیلئے کے-الیکٹرک لائیو ایپ، واٹس ایپ سروس یا دیگر سوشل میڈیا ذرائع سے بھی رابطہ بھی کرسکتے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل