Loading
ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ موسیقی انسان کو ذہنی دباؤ سے نکلنے میں صرف توجہ ہٹانے کے ذریعے ہی مدد نہیں دیتی بلکہ وقت کے ساتھ دماغ کے اسٹریس سے نمٹنے کے طریقہ کار میں بھی تبدیلی پیدا کر سکتی ہے۔
چائنیز اکیڈمی آف سائنسز کے انسٹی ٹیوٹ آف سائیکالوجی کے محققین کی قیادت میں ہونے والی یہ تحقیق حال ہی میں سائنسی جریدے پروسیڈنگز آف دی نیشنل اکیڈمی آف سائنسز میں شائع ہوئی۔
سائنس دان طویل عرصے سے یہ جانتے ہیں کہ موسیقی انسان کو پرسکون کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔ تاہم، یہ واضح نہیں تھا کہ آیا اس کے فوائد دیگر پرسکون آوازوں سے مختلف ہیں، یہ فوائد کس مرحلے پر زیادہ نمایاں ہوتے ہیں اور دماغ میں کون سی تبدیلیاں ان اثرات کا سبب بنتی ہیں۔
اس مقصد کے لیے محققین نے 120 صحت مند نوجوان افراد پر مشتمل دو تجربات کیے۔
پہلے تجربے میں شرکا کو ذہنی حساب کتاب پر مبنی ایک دباؤ والے کام سے پہلے یا بعد میں پرسکون موسیقی یا قدرتی پانی کی مدھم آوازیں سنوائی گئیں۔
تحقیق سے معلوم ہوا کہ کام شروع ہونے سے پہلے موسیقی سننے سے ابتدائی ذہنی دباؤ میں واضح کمی نہیں آئی۔ تاہم، دباؤ پیدا ہونے کے بعد بحالی کے مرحلے میں موسیقی زیادہ مؤثر ثابت ہوئی۔
اس مرحلے میں موسیقی سننے والے افراد نے اپنے مثبت مزاج میں زیادہ بہتری محسوس کی جبکہ جسمانی سطح پر بھی دباؤ سے بحالی کے کئی پیمانوں میں نسبتاً تیزی دیکھی گئی۔
دوسرے تجربے میں شرکا کے دباؤ سے بحالی کے دوران دماغ کے اسکین کیے گئے۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ موسیقی نے آڈیٹری کارٹیکس اور دماغ کے ان حصوں کے درمیان رابطے کو تبدیل کیا جو جسمانی کیفیت کی نگرانی، اہم سگنلز کی شناخت اور جسمانی و ذہنی تناؤ کی سطح کو منظم کرنے میں کردار ادا کرتے ہیں، جن میں انسولا اور تھیلمس شامل ہیں۔
دماغ میں ہونے والی یہ تبدیلیاں بحالی کے دوران ایک واضح انداز میں سامنے آئیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل