Loading
وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول سبسڈی اسکیم کے بعد اور اہم فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت 5 لیٹر سے کم پیٹرول استعمال کرنے والے موٹرسائیکل، چنگ چی اور رکشوں کو ہفتے میں 500 روپے کی رعایت ملے گی اور مہینے میں مجموعی طور پر 4 ٹوکن جاری کیے جائیں گے۔
حکومت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم خصوصی ریلیف اسکیم کا پورے پاکستان میں کامیاب اجرا ہوگیا ہے اور اس کے تحت پاکستان بھر میں 100 روپے فی لیٹر رعایتی نرخوں پر پیٹرول کی فراہمی کامیابی سے جاری ہے اور وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر سے اسکیم سے متعلق موصول ہونے والی آرا کی روشنی میں ایک اور اہم فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم کی ہدایت پر 5 لیٹر سے کم پیٹرول ڈلوانے والے موٹرسائیکل، چنگ چی اور رکشوں کو بھی ایک ٹوکن پر ایک ہفتے میں 500 روپے کی رعایت ملے گی، ہفتہ وار ایک ٹوکن جاری کیا جائےگا اور ایک مہینے میں مجموعی طور پر 4 ٹوکن جاری کیے جائیں گے۔
وزیراعظم کی اسکیم میں 800 سی سی تک گاڑی استعمال کرنے والے پہلے کی طرح ہر دس روز میں 10 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کی رعایت حاصل کریں گے اور یوں ایک مہینے میں 10 لیٹر کے 3 ٹوکن جاری کرنے کا سلسلہ بھی چلتا رہے گا۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے خصوصی اسکیم سے ریلیف حاصل کرنے کے اہل افراد کے لیے رجسٹریشن میسج کو بالکل مفت کرنے کا اعلان کیا تھا۔
وزیراعظم نے فیول ریلیف اسکیم میں 20 سال پرانی موٹر سائیکلوں، رکشوں اور چنگ چی رکشوں کو شامل کرنے کی ہدایت کی تھی، جس پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے، یکم جنوری 2006 کے بعد رجسٹرڈ تمام موٹر سائیکلیں، رکشے، چنگ چی وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم میں رجسٹریشن کے لیے اہل ہوگئے ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف ریلیف اسکیم کی ہر پہلو سے نگرانی خود کر رہے ہیں اور وزیراعظم نے اسکیم سے مستفید ہونے والوں کا دائرہ کار وسیع اور پیٹرول پر رعایت کی باعزت و باآسانی اور بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل