Thursday, September 24, 2026
 

وفاقی وزیر مواصلات کی گڈز ٹرانسپورٹرز سے ملاقات، روکی گئی گاڑیاں ریلیز اور معاوضے کی یقین دہانی

 



وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز الائنس کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی، جس میں ٹرانسپورٹرز کے مسائل، ایکسل لوڈ پالیسی اور احتجاج کے باعث روکی گئی گاڑیوں کے معاملات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان، قمر الزمان گل، نثار جعفری، چوہدری محمد اویس، بختاور خان اور اظہر سراج سمیت دیگر رہنما شریک ہوئے، جبکہ سیکرٹری مواصلات، آئی جی موٹروے پولیس اور چیئرمین این ایچ اے نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ ملک شہزاد اعوان کے مطابق وفاقی وزیر نے احتجاج کے باعث روکی گئی لوڈ گاڑیوں اور کنٹینرز کے معاملے پر وزیر داخلہ، آئی جی اسلام آباد اور آئی جی پنجاب سے رابطہ کیا۔ سیاسی دھرنے کے باعث روکی گئی لوڈ گاڑیوں کو فوری ریلیز کرنے اور مالکان کو معاوضہ دینے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔ اجلاس میں ملک بھر میں ایکسل لوڈ قوانین پر سختی سے عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ کراچی پورٹ، پورٹ قاسم اور دیگر ذرائع سے اوورلوڈنگ کنٹرول کرنے پر اتفاق ہوا۔ عبدالعلیم خان نے واضح کیا کہ ایکسل لوڈ کے معاملے پر کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی اور اوورلوڈنگ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔ وفاقی وزیر نے موٹروے پولیس کو خلاف ورزیوں پر ایف آئی آر کے اندراج کے حوالے سے ضروری اقدامات کی ہدایت کی، جبکہ نئی برانچز میں ایچ ٹی وی ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔ ملاقات میں ٹرانسپورٹرز نے اگست کی ملک گیر ہڑتال کے دوران حکومت سے کیے گئے معاہدوں پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا۔ مزدا گاڑیوں کے حوالے سے کیے گئے وعدے کے تحت 10 ویلر گاڑیوں کے لیے 35 ٹن وزن کی اجازت، ودہولڈنگ ٹیکس میں کمی اور کسٹمز کے ایس آر او 1619 سے متعلق معاہدے پر عملدرآمد کے امور بھی زیر بحث آئے۔ ٹرانسپورٹرز کے مطابق کسی بھی صوبے کا فٹنس سرٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ پورے پاکستان میں قابل قبول بنانے، لوکل ٹرانسپورٹرز کے لیے پارکنگ کی سہولت اور کراچی ناردرن بائی پاس پر 600 ایکڑ اراضی پر نئے ٹرک اسٹینڈ کے قیام کے وعدے پر بھی بات ہوئی۔ ٹول ٹیکس میں کمی کے مطالبے پر کمیٹی قائم کرنے جبکہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کے لیے بھی کمیٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ عبدالعلیم خان نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل غور سے سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس کے اختتام پر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز الائنس نے حکومت سے مکمل تعاون کا اعلان کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات کے اقدامات پر اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل