Thursday, September 24, 2026
 

کراچی؛ جائیداد کے تنازع پر خون سفید ہوگیا، بڑے بھائی کے ہاتھوں چھوٹا بھائی قتل

 



جائیداد کے تنازع نے خون سفید کر دیا، لانڈھی فیوچر کالونی میں جائیداد کے تنازع پر جھگڑے کے دوران بڑے بھائی نے تیز دھار آلے کے وار سے چھوٹے بھائی کو قتل کر دیا، پولیس نے قتل کی واردات میں ملوث بڑے بھائی کو گرفتار کرکے اسلحہ اور آلہ قتل برآمد کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کی صبح شرافی گوٹھ تھانے کے علاقے لانڈھی فیوچر کالونی کرسچن کمپاؤنڈ گلی نمبر ایک میں تیز دھار آلہ کے وار سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش قانونی کارروائی کے لیے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی جہاں مقتول کی شناخت 50سالہ بنات خان ولد ولی بازخان کے نام سے کی گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی، پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کیا۔ ایس ایچ او شرافی گوٹھ شاہد تاج نے بتایا کہ مقتول بنات خان کو اس کے بڑے بھائی وحید داد نے جائیداد کے تنازع پر جھگڑے کے دوران تیز دھار آلے کے وار کر کے قتل کیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر قتل میں ملوث ملزم وحید داد کو گرفتار کرلیا، دونوں بھائیوں کے درمیان کافی عرصے سے جائیداد کا تنازع چل رہا تھا۔ ایس ایچ او نے بتایا کہ بھائیوں کے درمیان جھگڑے کے دوران فائرنگ بھی ہوئی، پولیس کو جائے وقوع سے 5 خول بھی ملے ہیں جو پولیس نے قبضے میں لے لیے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے گرفتار ملزم کے قبضے سے فائرنگ میں استعمال پستول اور تیز دھار آلہ برآمد کرلیا، ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل