Saturday, September 26, 2026
 

برطانیہ: فائر فائٹر نے سابقہ محبوبہ سے رقم واپس لینے کے لیے چیٹ جی پی ٹی سے مدد لے لی

 



برطانیہ میں ایک فائر فائٹر نے لاٹری میں دو لاکھ پاؤنڈ جیتنے کے بعد اپنی سابقہ گرل فرینڈ کو دی گئی رقم واپس حاصل کرنے کے لیے چیٹ جی پی ٹی سے قانونی رہنمائی لی اور عدالت میں اپنا مقدمہ خود پیش کر دیا۔ 40 سالہ کریگ ٹِچنر نے نومبر 2019 میں ونٹر ونڈر لائنز لاٹری کے اسکریچ کارڈ پر جیک پاٹ جیتا تھا۔ 2022 میں انہوں نے اپنی اُس وقت کی گرل فرینڈ، 37 سالہ نفسیاتی نرس ہیدر ڈگلس کو 40 ہزار پاؤنڈ دیے تاکہ وہ اپنی مالی معاملات سے متعلق مہارت استعمال کرتے ہوئے یہ رقم ان کی طرف سے سرمایہ کاری کر سکے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ دونوں نے رقم پریمیم بانڈز میں لگانے اور اس سے حاصل ہونے والی کسی بھی رقم کو آپس میں تقسیم کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ تاہم، تعلق ختم ہونے کے بعد ہیدر ڈگلس نے رقم واپس کرنے سے انکار کر دیا۔ دو بچوں کے والد اور ہیتھرو فائر فائٹر کریگ  ٹِچنر نے قانونی ماہرین سے بھی رابطہ کیا لیکن ان کے مطابق وکلا نے بہت زیادہ فیس طلب کی۔ اس کے بعد انہوں نے چیٹ جی پی ٹی سے مدد لینے کا فیصلہ کیا۔ ان کے مطابق چیٹ جی پی ٹی نے انہیں مرحلہ وار رہنمائی فراہم کی کہ ضروری فارم کیسے مکمل کرنے ہیں تاکہ وہ سنٹرل لندن کاؤنٹی کورٹ میں اپنا مقدمہ خود پیش کر سکیں۔ کریگ ٹِچنر نے عدالت کے حوالے سے کہا کہ خود مقدمہ لڑنا ایک خطرہ تھا لیکن ان کے پاس کھونے کے لیے کچھ نہیں تھا۔ اگر چیٹ جی پی ٹی نہ ہوتا تو شاید وہ یہ مقدمہ نہ جیت پاتے۔ دوسری جانب ہیدر ڈگلس نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ رقم انہیں تحفے کے طور پر دی گئی تھی۔ تاہم، وہ یہ ثابت کرنے میں ناکام رہیں کہ 40 ہزار پاؤنڈ انہیں تحفے کے طور پر دیے گئے تھے جبکہ انہوں نے اپنے بینک اسٹیٹمنٹس بھی عدالت میں پیش نہیں کیے۔ چنانچہ گزشتہ ہفتے عدالت نے کریگ کے حق میں فیصلہ سنا دیا۔ انہوں نے کریگ پر انہیں کنٹرول کرنے اور ہراساں کرنے کے الزامات بھی عائد کیے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل