Loading
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی موجودہ صورتحال کو انتہائی خراب قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں معلوم نہیں کہ ایران امریکا کے سامنے کب گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہو گا۔
وائٹ ہاؤس میں مصنوعی ذہانت کے شعبے سے وابستہ رہنماؤں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ ایران امریکا کے ساتھ جاری جنگ میں ابھی ہتھیار ڈالنے والا ہے یا نہیں تاہم ان کے بقول ایران کی صورتحال انتہائی خراب ہے۔
امریکی صدر نے شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب تک وہ اقتدار میں موجود ہیں کم جونگ اُن ٹھیک رہیں گے۔
اس موقع پر ٹرمپ نے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں امریکا کی برتری برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو اے آئی میں نمایاں سبقت حاصل ہے اور وہ اس برتری کو قائم رکھنا چاہتا ہے۔
صدر ٹرمپ نے ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ عہدیداروں کے ہمراہ مصنوعی ذہانت سے متعلق ایک دستاویز پر دستخط بھی کیے۔
انہوں نے اس دستاویز کو تحفظ کی ایک صورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اے آئی کے شعبے کی نگرانی کے لیے ایک کمیٹی قائم کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت کے شعبے میں خود احتسابی کا ایک مؤثر عمل دیکھنے میں آ رہا ہے اور اس صنعت سے وابستہ رہنما بھی اس کی اہمیت کو سمجھتے ہیں۔
امریکی صدر نے مزید بتایا کہ ملاقات میں ڈیٹا سینٹرز کے قیام کے لیے موزوں مقامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان کے مطابق جن علاقوں میں یہ مراکز تعمیر کیے جائیں گے وہاں کے مقامی لوگوں کو مالی طور پر بڑے پیمانے پر فائدہ پہنچے گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل