Friday, October 02, 2026
 

فلائی دبئی کو ہائی جیک کرنے والا معاون پائلٹ القاعدہ سے متاثر تھا؛ اسرائیلی میڈیا

 



فلائی دبئی طیارے کو مبینہ طور پر تباہ کرنے کی کوشش کرنے والے عمانی معاون پائلٹ کے بارے میں تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ القاعدہ کے انتہا پسندانہ نظریے سے متاثر تھا۔ اسرائیلی چینل 12 نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ معاون پائلٹ کو مبینہ طور پر القاعدہ کے نظریے سے ذہنی طور پر متاثر کیا گیا اور شدت پسندی کی جانب لے جانے کے دوران اس نے بعض نامعلوم مذہبی شخصیات سے ملاقاتیں بھی کیں۔ تاہم رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اب تک کی تحقیقات میں یہ اندازہ لگایا گیا کہ طیارے کو تباہ کرنے کی کوشش کا فیصلہ معاون پائلٹ نے خود کیا تھا۔ کسی دوسرے شخص یا تنظیم کی جانب سے اسے یہ کارروائی کرنے کی ہدایت دینے کے شواہد سامنے نہیں آئے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق تفتیشی حکام اس پہلو کی بھی تحقیقات کر رہے ہیں کہ کہیں دیگر غیر ملکی فضائی کمپنیوں میں اسی نوعیت کے واقعات کی منصوبہ بندی تو نہیں کی جا رہی ہے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ اسرائیلی سیکیورٹی ادارے اس معاملے کو انتہائی سنگین نوعیت کا سمجھتے ہوئے ایسے تحقیقات کر رہے ہیں جیسے طیارہ واقعی تباہ ہوگیا ہو۔ طیارے کو ہائی جیک کرنے یا قابو کرکے جہاز کو گرانے کی کوشش کرنے والے عمانی معاون پائلٹ کو تبوک ایئرپورٹ سے حراست میں لے لیا گیا اور اب اسے امارات منتقل کیا گیا ہے جہاں ممکنہ طور پر اسرائیلی حکام بھی تفتیش کریں گے۔   واضح رہے کہ یہ واقعہ 30 ستمبر کو دبئی سے تل ابیب جانے والی پرواز میں پیش آیا تھا جس میں معاون پائلٹ نے سینیئر پائلٹ پر چاقو سے حملہ کرکے جہاز کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی تھی تاہم مسافروں اور عملے نے اسے ناکام بنادیا تھا۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل