Saturday, October 03, 2026
 

پشاور؛ خیبر ٹیچنگ اسپتال نے روبوٹک سرجری کے میدان میں اہم سنگ میل عبور کرلیا

 



خیبر ٹیچنگ اسپتال پشاور کے شعبہ آرتھوپیڈک نے ملک میں سرکاری اسپتال کی سطح پر پہلی مرتبہ روبوٹک گھٹنے کی تبدیلی کی کامیاب سرجری انجام دے کر ایک تاریخی سنگِ میل عبور کرلیا۔ خیبرٹیچنگ اسپتال پشاور میں یہ منفرد اور جدید سرجری چیئرمین شعبہ آرتھوپیڈک پروفیسر ڈاکٹر محمد سراج کی سربراہی میں معروف آرتھوپیڈک سرجن پروفیسر ڈاکٹر اول حکیم اور ان کی ماہر  ٹیم نے انجام دیا اور سرجری کو براہ راست دکھایا گیا، جس سے خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے آرتھوپیڈک سرجنز نے اس جدید طریقہ علاج کو براہ راست دیکھنے اور سیکھنے کا موقع حاصل کیا۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے صوبے میں جدید آرتھوپیڈک سرجری، طبی تربیت اور علمی و تحقیقی سرگرمیوں کے نئے امکانات پیدا ہوئے ہیں۔ اس تاریخی کامیابی پر ڈین خیبر میڈیکل کالج خیبر ٹیچنگ اسپتال پروفیسر ڈاکٹر محمود اورنگزیب نے شعبہ آرتھوپیڈکس کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ انہیں خیبر ٹیچنگ اسپتال کے شعبہ آرتھوپیڈکس کی جانب سے خیبر پختونخوا میں پہلی روبوٹک اسسٹڈ گھٹنے کی تبدیلی کی کامیاب سرجری پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی پیش رفت ادارے میں روبوٹک سرجری، جدید طبی تربیت، تحقیق اور مریضوں کی نگہداشت کے ایک نئے باب کا آغاز ہے، یہ خیبر ٹیچنگ اسپتال، خیبر میڈیکل کالج اور خیبر پختونخوا کے عوام کے لیے ایک قابل فخر لمحہ ہے۔ اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سجاد اللہ داوڑ اور میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر اویس نعیم نے بھی شعبہ آرتھوپیڈک کی پوری ٹیم کو اس منفرد اور تاریخی کامیابی پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ خیبر ٹیچنگ اسپتال میں جدید طبی ٹیکنالوجی اور جدید ترین علاج کے طریقہ کار کو متعارف کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ روبوٹک گھٹنے کی تبدیلی کی کامیاب سرجری ادارے کے ماہرین کی صلاحیت، ٹیم ورک اور مریضوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی خیبر ٹیچنگ اسپتال میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مزید پیچیدہ اور جدید نوعیت کے علاج اور سرجریز کو فروغ دیا جائے گا۔ اسپتال انتظامیہ نے اس تاریخی کامیابی پر شعبہ آرتھوپیڈکس کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد سراج، پروفیسر ڈاکٹر اول حکیم، ڈاکٹر قیصر عظیم اور ان کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی خیبر ٹیچنگ اسپتال میں مریضوں کو جدید اور معیاری علاج کی فراہمی کے عزم کی عکاس ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل