Loading
اسلام آباد ہائیکورٹ نے لیڈی ڈاکٹر کے گھر پر قبضے کی کوشش کے دوران ہراساں کرنے کے خلاف کیس میں ڈاکٹر اور ان کے اہلخانہ کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے آئی جی اسلام آباد، ایس ایس پی اور متعلقہ ایس ایچ او کو ڈاکٹر نزہت شاکر اور ان کے اہلخانہ کی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت کی جبکہ فریقین سے جواب بھی طلب کرلیا گیا۔
جسٹس خادم سومرو نے ڈاکٹر نزہت شاکر کی درخواست پر سماعت کا حکم نامہ جاری کر دیا۔
عدالت نے حکم دیا کہ پولیس حکام درخواست گزار اور اہلخانہ کو تحفظ فراہم کریں، ڈاکٹر نزہت شاکر کو مناسب سیکیورٹی فراہم کی جائے۔
ہائیکورٹ نے تھانہ ہمک کے ایس ایچ او کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت اور درخواست گزار کے تحفظ سے متعلق اقدامات پر مبنی تعمیلی رپورٹ بھی طلب کرلی۔ عدالت نے ہدایت کی کہ پولیس اور مقامی انتظامیہ درخواست گزار کی جائیداد اور ذاتی تحفظ یقینی بنائیں۔
عدالت نے کیس کی سماعت 13 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ ڈاکٹر نزہت شاکر نے گھر پر قبضے کی کوشش کے دوران ہراساں کیے جانے کے خلاف عدالت سے رجوع کر رکھا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل