Monday, October 05, 2026
 

بے گھر افراد کو چھت فراہمی؛ 24 سال بعد نیشنل ہاؤسنگ پالیسی کا باضابطہ اجرا

 



وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے 24 سال بعد تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مرتب کی گئی نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2025 کا باضابطہ اجرا کردیا ہے۔ اس پایسی کو ملک میں رہائش کے مسائل سے نمٹنے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔ نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2025 کے اجرا کی تقریب نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (NUST) اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جس کا انعقاد اقوام متحدہ کے ادارے UN-Habitat کے تعاون سے عالمی یوم آبادکاری کے موقع پر کیا گیا۔ وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ تقریب کے مہمان خصوصی جبکہ وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ ڈاکٹر مصدق مسعود ملک اعزازی مہمان تھے۔ تقریب میں ماہرین تعلیم، محققین، ہاؤسنگ سیکٹر سے وابستہ شخصیات اور مختلف اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر ہاؤسنگ نے پالیسی کی تیاری میں کردار ادا کرنے والے تمام افراد کی کاوشوں کو سراہا۔ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2025 وزیراعظم کے وژن کی عکاس ہے ۔ ہاؤسنگ کے موجودہ مسائل کا حل مشترکہ ایکشن پلان کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ رہائش کے شعبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے نیشنل ہاؤسنگ پالیسی کا اجرا اہم پیش رفت ہے۔ پالیسی پر مؤثر عملدرآمد کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور اسٹیک ہولڈرز کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں ماحول دوست اور پائیدار ہاؤسنگ منصوبوں کی اہمیت پر زور دیا۔ ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ نیشنل ہاؤسنگ پالیسی بے گھر افراد کو چھت کی فراہمی کے لیے تمام تر منصوبہ بندی فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، نجی شعبے اور تمام متعلقہ اداروں کو نیشنل ہاؤسنگ پالیسی پر مؤثر عملدرآمد کے لیے دستیاب وسائل بروئے کار لانے چاہییں۔  ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2025 کا مؤثر نفاذ ملک میں رہائش کے مسائل سے نمٹنے اور پائیدار شہری ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل