Loading
نارتھ ناظم آباد میں قائم نجی رہائشی پروجیکٹ کو واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی 48 انچ کی لائن سے غیر قانونی کنکشن دینے کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع وسطی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک ایم میں ایک نجی پروجیکٹ کو علاقے کی برانچ لائنوں کے بجائے ڈبلو ٹی ایم کی بلک48 انچ قطر کی لائن سے ایک نہ دو بلکہ چار انچ قطر کا کنکشن دیئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لائن سے پانچ سو میٹر دور پروجیکٹ کو حیران کن طور پر بلک لائن سے کنکشن دیا گیا ہے تاکہ پروجیکٹ مالک کو بغیر موٹر چلائے24 گھنٹے پانی کی سپلائی جاری رہ سکے۔
واضح رہے کہ مذکورہ علاقے میں پانی کا بحران ہے جبکہ مذکورہ 48 انچ کی لائن سے ضلع وسطی کے مختلف علاقوں میں پانی سپلائی کیا جاتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پروجیکٹ کو کنکشن ڈسٹری بیوشن کی لائنوں سے دیا جانا تھا تاہم اس کے برعکس نجی پروجیکٹ کو پانی کی بڑی بلک لائن سے کنکشن دیکر انوکھا کام کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ واٹر کارپوریشن کے محکمہ ڈبلو ٹی ایم کے افسران نے برق رفتاری کے ساتھ نہ صرف نجی پروجیکٹ کی فائل منظور کرلی بلکہ جھٹ پٹ کنکشن سینکشن کراکر لگوا بھی دیا ہے، کنکشن لگائے جانے پر علاقہ مکینوں نے سوشل میڈیا پر مذکورہ لائن کے حوالے سے ویڈیوز وائرل کردی جس میں حکام سے مذکورہ کنکشن کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
مکینوں کا کہنا ہے کہ 48 انچ کی لائن سے چار انچ کا کنکشن لیا گیا ہے اگر 48 انچ سے اسی طرح کنکشن دیا جاسکتا ہے تو اطراف کے تمام مکانات اور گھروں کو بھی اسی لائن سے کنکشن دیدیا جائے تاکہ انہیں بھی24 گھنٹے پانی کی فراہمی ممکن ہوسکے۔
دریں اثنا ء اس حوالے سے سپریٹنڈنٹ انجینئر ڈبلو ٹی ایم تنویر شیخ سے ان کا موقف معلوم کیا گیا تو انہوں نے خود اقرار کیا کہ 48 انچ کی لائن سے کنکشن نہیں دیا جاسکتا، جب ان سے پوچھا گیا کہ جب نہیں دیا جاسکتا تو پھر یہ کیسے دیدیا گیا؟ تو انہوں نے کہا کہ واٹر کارپوریشن کے دوست افسر کی سفارش پر کنکشن دیا ہے جب مذکورہ سفارش کرنے والے افسر سے معلوم کیا گیا تو مذکورہ افسر نے تنویر شیخ کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے تنویر شیخ کو نہ کوئی سفارش کی اور نہ ہی نارتھ ناظم آباد کے مذکورہ کنکشن کے حوالے سے کوئی درخواست کی ہے۔
علاوہ ازیں ایس سی ڈبلو ٹی ایم تنویر شیخ سے مذکورہ کنکشن جس کی منظوری دستاویزات کے مطابق تین انچ کی لی گئی تھی اور مکینوں کے مطابق چار انچ کا کنکشن لگایا گیا ہے اس سوال کے جواب میں تنویر شیخ نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کنکشن چار نہیں بلکہ تین انچ کا ہی لگایا گیا ہے۔
دوسری طرف علاقہ مکینوں نے کنکشن کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے اور سنگین صورتحال پر میئر کراچی اور واٹر کارپوریشن کے چیئرمین مرتضی وہاب ،ایم ڈی واٹر بورڈ احمد علی صدیقی اور سی او او اسداللہ خان سے اس حوالے سے مکمل انکوائری اور ملوث افسران کیخلاف سخت سے سخت کارروائی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
اس کے علاوہ منیجنگ ڈائریکٹر واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی نے رابطہ کرنے پر اس حوالے سے انکوائری کی یقین دہانی کرادی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل