Loading
بھارت میں سوشل میڈیا سے ابھرنے والی طنزیہ ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ کے بعد اب ’مکھی جنتا پارٹی‘ کے نام سے ایک نیا پلیٹ فارم سامنے آگیا ہے۔
نئی جماعت کا ظہور بھی نوجوانوں کے احتجاج اور بھارتی حکومت پر تنقید کے تناظر میں ہوا ہے، جبکہ اس نے جمہوریت، کاروبار اور معاشی ترقی کے حق میں پیغام دینا شروع کردیا ہے۔
کچھ عرصہ قبل سامنے آنے والی کاکروچ جنتا پارٹی نے اپنی آن لائن سرگرمیوں اور احتجاج کے ذریعے مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ اب اسی طرز پر مکھی جنتا پارٹی کا انسٹاگرام اکاؤنٹ بنایا گیا ہے، جہاں مکھی کے ایموجی کے ساتھ جمہوری اقدار کے تحفظ، کاروبار کے فروغ اور معیشت کی بہتری سے متعلق پیغامات شیئر کیے جا رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مکھی جنتا پارٹی کے سامنے آنے کی وجہ بھارتی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے طنزیہ ریمارکس بنے۔ گزشتہ روز کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاج اور نئی دہلی میں مظاہروں پر عائد پابندیوں سے متعلق سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے مبینہ طور پر مرکزی حکومت اور دہلی پولیس کو مظاہرین سے نمٹنے کے لیے ضرورت سے زیادہ سخت طریقہ اختیار کرنے سے گریز کا مشورہ دیا، جسے ’مکھی مارنے کے لیے ہتھوڑا استعمال کرنے‘ سے تشبیہ دی گئی۔
اس سماعت کے اگلے ہی روز انسٹاگرام پر مکھی جنتا پارٹی کا اکاؤنٹ سامنے آگیا۔ اس پلیٹ فارم کو ’نوجوانوں کا، نوجوانوں کے ذریعے اور نوجوانوں کے لیے‘ سیاسی محاذ قرار دیا جا رہا ہے۔ اس کی ایک پوسٹ میں سوال اٹھایا گیا کہ کیا جمہوریت میں شہریوں کو ایک دن ’کاکروچ‘ اور اگلے دن ’مکھیاں‘ کہا جانا چاہیے؟
نئی جماعت کے اکاؤنٹ کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے غیر معمولی توجہ مل رہی ہے اور دستیاب معلومات کے مطابق اس کے فالوورز کی تعداد صرف ایک دن میں ایک لاکھ 11 ہزار سے تجاوز کرگئی۔
بھارت میں انتخابی فہرستوں کے معاملے اور خصوصی نظرثانی کے عمل، یعنی ایس آئی آر، کے خلاف بھی احتجاج جاری ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کے علاوہ جنریشن زی سے وابستہ نوجوان بھی نئی دہلی سمیت مختلف مقامات پر مظاہروں میں شریک رہے ہیں، جن میں جنتر منتر بھی شامل ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل