Friday, October 23, 2026
 

جنوبی وزرستان میں آپریشن کے متاثرین میں 117 ارب روپے تقسیم کئے جاچکے ہیں، وزیر مملکت

 



وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے جنوبی وزرستان میں آپریشن کے متاثرین میں 117 ارب روپے تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں 2008-2009 کے دوران خیبرپختونخوا میں سیکورٹی فورسز کے آپریشنز کے متاثرین کو معاوضہ دینے کے معاملے پر توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا وفاقی حکومت متاثرین کو 65 ارب روپے کے بقایا جات دینے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی وزیرستان کے متاثرین کے لیے 117 ارب روپے تقسیم کیے گئے، جنوبی وزیرستان میں گھروں کے نقصانات کے ازالے کے لیے دوبارہ سروے کرایا گیا، مکمل تباہ ہونے والے گھر کے لیے 4 لاکھ روپے معاوضہ مقرر کیا گیا تھا۔ وزیرمملکت نے بتایا کہ جزوی نقصان والے گھر کے لیے ایک لاکھ 60 ہزار روپے معاوضہ مقرر کیا گیا، متاثرین کے معاوضوں کی تقسیم سے متعلق خصوصی آڈٹ مکمل ہو چکا ہے۔ طلال چوہدری کے مطابق آڈٹ رپورٹ پر ڈیپارٹمنٹل اکاؤنٹس کمیٹی کا ایک اجلاس باقی ہے،سیفران کمیٹی کی اجازت کے بعد وفاقی حکومت بقایا رقم جاری کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خیبرپختونخوا کو این ایف سی کے تحت ایک فیصد اضافی حصہ دیا جاتا ہے،متاثرین کے معاملے کو سیاسی تقریر سے جوڑنے سے مسئلہ متاثر ہوگا-

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل