Loading
اسلام آباد کے تھانہ شہزاد ٹاون کی حدود میں خاتون سے دوران ڈکیتی زیادتی کیس میں گرفتار دو افغان ملزمان مبینہ طور پر پولیس سے فائرنگ کے تبادلے کے دوران اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔
ترجمان پولیس نے بتایا کہ تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود میں زیر حراست ملزمان عبداللہ اور ملہے خان پولیس ٹیم پر فائرنگ کے دوران ہلاک ہوگئے، پولیس ٹیم زیر حراست ملزمان کے انکشاف اور نشان دہی پر ساتھی ملزمان کی گرفتاری اور برآمدگی کے لیے راول ٹاؤن کے قریب کباڑ خانے لے کر گئی جہاں جنگل میں چھپے 4 مسلح ساتھی ملزمان نے زیرحراست ملزمان کو چھڑوانے کی غرض سے پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔
انہوں نے بتایا کہ زیر حراست ملزمان عبداللہ اور ملہے خان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوئے جبکہ پولیس ٹیم بلٹ پروف جیکٹس اور حفاظتی اقدامات کے باعث محفوظ رہی تاہم زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ملزمان دم توڑ گئے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان عبداللہ اور ملہے خان دونوں افغان شہری تھے اور تھانہ سیکریٹریٹ کی حدود میں خاتون سے موبائل چھیننے، ریپ کی کوشش اور زخمی کرنے کے مقدمے میں گرفتار اور جسمانی ریمانڈ پر تھے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے دیگر ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے جن کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشنز جاری ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل