Loading
بہاولپور میں سفید آلٹو کار پر وارداتیں کرنے والا 2 سے 3 ملزمان پر مشتمل مبینہ گینگ سرگرم ہوگیا، ملزمان مختلف پیٹرول پمپس سے ہزاروں روپے کا ڈیزل اور پٹرول حاصل کرکے رقم ادا کیے بغیر فرار ہوجاتے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کو ملنے والی ویڈیو کے مطابق ملزمان نے گزشتہ رات تقریباً پونے 2 بجے بہاولپور کے نواحی علاقے نور پور نورنگاہ میں واقع پیٹرول پمپ پر واردات کی جہاں وہ گاڑی میں رکھے دو کینوں میں 54 ہزار روپے کا ڈیزل اور کار میں 11 ہزار روپے کا پٹرول ڈلوا کر فرار ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق ملزمان بہاولپور کے نواحی علاقوں میں رات کے وقت مختلف پیٹرول پمپس کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ وارداتوں میں استعمال ہونے والی سفید آلٹو کار پر سندھ کی فینسی نمبر پلیٹ 761 لگی ہوئی ہے۔
ملزمان کی جانب سے مختلف پیٹرول پمپس پر ایسی وارداتیں کیے جانے کی اطلاعات ہیں، جس کے باعث پیٹرول پمپ مالکان اور عملے میں تشویش پائی جاتی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل