Loading
یوٹیوب سے آمدنی حاصل کرنے والے تخلیق کاروں کے لیے ایک نئی سہولت متعارف کرانے پر غور کیا جارہا ہے۔
ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم نے محدود صارفین کے لیے کم از کم ادائیگی کی حد 100 ڈالر سے کم کرکے 20 ڈالر کرنے کی آزمائش شروع کردی ہے۔ اگر یہ تجربہ کامیاب رہا تو کم آمدنی حاصل کرنے والے صارفین بھی اپنی رقم نسبتاً جلد وصول کرسکیں گے۔
دنیا بھر میں اربوں افراد یوٹیوب استعمال کرتے ہیں اور بہت سے تخلیق کار اس پلیٹ فارم کے ذریعے اپنی ویڈیوز سے آمدنی حاصل کرتے ہیں۔ یوٹیوب پارٹنر پروگرام کے تحت آمدنی کمانے والے صارفین کو فی الحال عام طور پر اس وقت ادائیگی کی جاتی ہے جب ان کے اکاؤنٹ میں مقررہ کم از کم رقم جمع ہوجائے، جو عموماً 100 ڈالر ہے۔
رپورٹس کے مطابق نئی سہولت کی آزمائش امریکا، بھارت اور انڈونیشیا کے محدود صارفین پر کی جارہی ہے۔ یوٹیوب نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صارفین کو زیادہ سہولت دینے کے لیے عارضی طور پر کم از کم ادائیگی کی حد 100 ڈالر سے گھٹا کر 20 ڈالر کرنے کا تجربہ کیا جارہا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوگا کہ آزمائش میں شامل صارفین 100 ڈالر تک آمدنی جمع ہونے کا انتظار کیے بغیر بھی اپنی واجب الادا رقم حاصل کرسکیں گے، بشرطیکہ وہ ادائیگی کی دیگر شرائط پوری کرتے ہوں۔
رپورٹ کے مطابق جن صارفین کو اس تجربے کے لیے منتخب کیا گیا ہے، انہیں یوٹیوب کی جانب سے باقاعدہ اطلاع بھی بھیجی گئی ہے۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ آزمائش کب تک جاری رہے گی یا اسے تمام صارفین کے لیے کب متعارف کرایا جائے گا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب انسٹاگرام بھی یوٹیوب سے مقابلے کے لیے 90 منٹ تک طویل ویڈیوز پوسٹ کرنے کی سہولت آزما رہا ہے۔ اگر یوٹیوب کی نئی ادائیگی پالیسی کو مستقل طور پر نافذ کیا گیا تو ممکن ہے کہ مستقبل میں پاکستان سمیت مزید ممالک کے تخلیق کار بھی اس سے فائدہ اٹھا سکیں۔ فی الحال پاکستان میں اس سہولت کے آغاز کی تصدیق نہیں ہوئی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل