Thursday, October 29, 2026
 

مکہ معاہدہ علاقائی سلامتی و مشترکہ دفاع کا عکاس ہے، وزیراعظم

 



وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ علاقائی سلامتی اور مشترکہ دفاع کا عکاس ہے، گزشتہ برس معرکہ حق کے دوران جب پاکستان کے خلاف جارحیت کی گئی تو ترکیہ پاکستان کے ساتھ آن کھڑا ہوا اور کھل کر پاکستان کا ساتھ دیا، پاکستان اور ترکیہ دو جان ایک قالب ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے 103 ویں یوم جمہوریہ پر ترکیہ کے سفیر کی رہائش گاہ پر عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اقتصادی، تجارتی تعلیمی ثقافتی اور دفاعی شعبوں میں اشتراک عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ علاقائی سلامتی اور مشترکہ دفاع کا عکاس ہے، آج ترکیہ دفاعی ٹیکنالوجیز سمیت دیگر شعبوں میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے۔ ترکیہ سفیر ڈاکٹر عرفان نذیر اولو نے عشائیے سے خطاب میں کہا کہ تاریخ میں ہمیشہ پاکستان اور ترکیہ کی قومیں اکٹھی رہی ہیں، پاکستان کو چوٹ پر ترکیہ درد محسوس کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ہدف تاریخی تعلقات کو ایک پائیدار اسٹریٹجک شراکت داری میں بدلنا ہے، جس کی ایک شان دار مثال مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ ہے، سفیر عرفان نذیر اولو نے اس موقع پر ترک صدر رجپ طیب اردوان کا خصوصی پیغام بھی پڑھ کر سنایا۔ قبل ازیں دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے، مہمانوں نے مشترکہ طور پر کیک بھی کاٹا اور عشایے میں خصوصی طور پر موسیقی کا انتظام کیا گیا تھا، جس کو شرکا نے بے حد سراہا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل