Saturday, October 31, 2026
 

نورا فتیحی 20 کروڑ روپے بھتہ خوری کیس میں بطور گواہ دہلی کی عدالت طلب

 



بالی ووڈ اداکارہ نورا فتیحی کو مبینہ جعل ساز سکیش چندر شیکھر سے متعلق 20 کروڑ روپے کی بھتہ خوری کے مقدمے میں بطور گواہ دہلی کی عدالت نے طلب کرلیا ہے۔ عدالت نے انہیں 2 نومبر کو پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق روز ایونیو کورٹ میں جاری مقدمے کی تیسری ضمنی چارج شیٹ میں نورا فتیحی کو استغاثہ کی گواہ نمبر ایل ڈبلیو 3 کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ یہ کیس سکیش چندر شیکھر پر الزام سے متعلق ہے کہ اس نے 2020 سے 2021 کے دوران سابق رینبیکسی پروموٹر شیوندر موہن سنگھ کی اہلیہ ادیتی سنگھ سے تقریباً 20 کروڑ روپے وصول کیے۔ تحقیقاتی حکام کے مطابق سکیش چندر شیکھر دہلی کی روہنی جیل میں قید ہونے کے باوجود خود کو اعلیٰ سرکاری افسر ظاہر کرتا رہا۔ الزام ہے کہ اس نے ادیتی سنگھ کو ان کے شوہر کی رہائی میں مدد دلانے کا وعدہ کرکے رقم حاصل کی۔ دہلی پولیس کے اکنامک آفینسز ونگ نے اس معاملے کی تحقیقات کرتے ہوئے مہاراشٹر کنٹرول آف آرگنائزڈ کرائم ایکٹ (مکوکا) کے تحت چارج شیٹ دائر کی تھی۔ تحقیقات کے دوران نورا فتیحی سے سکیش چندر شیکھر اور اس کی اہلیہ لینا ماریا پالوس کے ساتھ مبینہ روابط کے حوالے سے بھی پوچھ گچھ کی گئی تھی۔ حکام نے ضابطہ فوجداری کی دفعہ 164 کے تحت مجسٹریٹ کے سامنے ان کا بیان بھی ریکارڈ کیا۔ اداکارہ نے مبینہ طور پر تفتیش کاروں کو بتایا تھا کہ سکیش سے ان کی ملاقاتوں کا ذریعہ اس کی اہلیہ تھی۔ ان سے دسمبر 2020 میں چنئی میں منعقد ہونے والی ایک تقریب میں شرکت کے بارے میں بھی سوالات کیے گئے تھے۔ نورا فتیحی کو مقدمے میں ملزم نہیں بلکہ استغاثہ کی گواہ کے طور پر شامل کیا گیا ہے، جبکہ 2 نومبر کو ان کی پیشی جاری عدالتی کارروائی کا حصہ ہوگی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل