Loading
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس کے مبینہ مقابلوں کے دوران 3 ملزمان زخمی ہوگئے، جبکہ دو خواتین سمیت مجموعی طور پر 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، گاڑیاں، موٹرسائیکلیں، نقدی اور دیگر سامان برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کے مطابق ڈیفنس پولیس نے سی آر اے پٹہ کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد زخمی ملزم خرم شہزاد عرف عرفان اشرف سمیت دو خواتین کو گرفتار کرلیا۔
گرفتار دیگر ملزمان میں ارشد علی عرف لنگڑا، نسرین اختر عرف شہناز اور صغریٰ عرف پروین شوکت شامل ہیں، جبکہ ملزمان کے 6 ساتھی اپنی موٹرسائیکلیں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
پولیس نے زخمی ملزم خرم شہزاد کو جناح اسپتال منتقل کردیا۔ گرفتار ملزمان کے ہمراہ 3 سالہ بچہ بھی موجود ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے ایک آلٹو کار، دو موٹرسائیکلیں، دو پستول، نقد رقم اور مصنوعی زیورات برآمد کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب گلشن معمار پولیس نے جنجال گوٹھ میں مبینہ مقابلے کے بعد ڈاکو سلیمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
ملزم کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔
ادھر تیموریہ پولیس نے نارتھ ناظم آباد کے علاقے بلال کالونی میں مبینہ مقابلے کے بعد زخمی ملزم پیر بخش عرف لال کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، اس کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون اور نقد رقم برآمد ہوئی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل