Friday, November 13, 2026
 

پوپ لیو کی پادریوں کے ہاتھوں جنسی زیادتی کے شکار افراد سے ملاقات

 



کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو چہاردہم نے جنوبی امریکی ملک پیرو کے دارالحکومت لیما میں چرچ کے پادریوں اور مذہبی اداروں کے ارکان کی جانب سے جنسی زیادتی کا نشانہ بننے والے چھ افراد سے ملاقات کی اور ان کے تکلیف دہ تجربات سنے۔ ویٹیکن کے پریس آفس کے مطابق یہ ملاقات لیما میں واقع اپوسٹولک نونشی ایچر  میں ہوئی۔ ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی۔ ویٹیکن کے بیان کے مطابق پوپ لیو نے چھ متاثرین میں سے ہر ایک سے انفرادی طور پر ملاقات کی اور ان کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں، تکلیف اور مشکلات کی تفصیلات سنیں۔ ملاقات کے دوران اس بات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا کہ چرچ میں متاثرین کی بات سننے، حقائق سامنے لانے، ان کی ذہنی و جذباتی بحالی اور محفوظ ماحول پیدا کرنے کے لیے کس طرح مؤثر اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔ پوپ نے متاثرین کی گواہی کو اہم قرار دیتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ نہ صرف ان چھ افراد بلکہ ان تمام متاثرین کے ساتھ ہمدردی رکھتے ہیں جن سے ملاقات ممکن نہیں ہوسکی۔ چرچز میں جنسی زیادتی کے واقعات اور ان پر ادارہ جاتی ردعمل کے حوالے سے طویل عرصے سے تنقید جاری ہے۔ پوپ کی حالیہ ملاقاتوں کو متاثرین کی آواز سننے اور چرچ میں احتساب، شفافیت اور تحفظ کے اقدامات بہتر بنانے کی کوششوں کے تناظر میں دیکھا جارہا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل