Loading
اُس قوم کو شمشیر کی حاجت نہیں رہتی
ہو جس کے جوانوں کی خودی صورتِ فولاد
شاعر مشرق علامہ محمد اقبال نے درج بالا شعر کے ساتھ ساتھ کئی اور اشعار نوجوانوں کے بارے میں قلمبند کیے ہیں، اُن کے بقول۔
عقابی روح جب بیدار ہوتی ہے جوانوں میں
نظر آتی ہے اس کو اپنی منزل آسمانوں میں
کسی بھی قوم کے لیے اُس کی نوجوان نسل خاص اہمیت کی حامل ہوتی ہے کیونکہ قوم کے مستقبل کا فیصلہ انھی کے ہاتھوں میں ہوتا ہے۔ نوجوان نسل اپنی قوم کا قیمتی سرمایہ ہوتی ہے، کوئی نااہل ملک ہی ہوگا جو اپنے سرمائے کو خسارے کی نظر کرے۔
ہر اہلیت رکھنے والا ملک اپنی نوجوان نسل کی آبیاری خلوص کے ساتھ کرتا ہے تا کہ وہ آگے چل کر اُس کے لیے باثمر ثابت ہو۔ پاکستان اکنامک سروے کی سال 2025-26کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی موجودہ آبادی کا 26.56 فیصد حصہ نوجوانوں (جن کی عمریں 15سے 29سال کے درمیان ہیں)پر مشتمل ہے۔
پاکستان اس معاملے میں کافی خوش قسمت ہے کہ یہاں کی نوجوان نسل میں اپنے ملک کو مایوسیوں کے بھنور سے نکالنے کی تمام صلاحیتیں موجود ہیں، جوش و جذبے کی بھی ان میں کوئی کمی نہیں ہے بس مواقعے کی ضرورت ہے، صاحب اقتدار کے تعاون و سرپرستی درکار ہے۔ پاکستان وہ ملک ہے جس نے جب ہندوستان سے علیحدگی اختیار کی تھی، تب دنیا کی اس کے بارے میں مجموعی رائے تھی کہ یہ زیادہ عرصے اپنی مدد آپ کے تحت چل نہیں پائے گا اور برصغیر کا بٹوارا محض وقتی ہے۔
آزادی حاصل کرنے کے بعد ابتدائی چند سال مشکلات میں گزار کر پاکستان ترقی کی ڈگر پر تیزی سے گامزن تھا ہی کہ چند اشخاص کے ہاتھوں ہونے والے غلط فیصلوں نے 60 کی دہائی کے بعد ہماری قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے ایسا لگایا کہ تب سے اب تک افرادِ قوم حالت ِ سفر میں ہیں۔
اس کے علاوہ نوجوان نسل الگ خواری بھگت رہی ہے اور منزل جس کا سہانا خواب آغاز میں دکھلایا گیا تھا وہ دور دور تک کہیں نظر نہیں آ رہی ہے اور انتظار کی اضطرابی کیفیت اب اس ملک کی فضا میں مسلسل گھٹن کا احساس پیدا کر رہی ہے۔
یہ دھرتی جس کے ہم باسی ہیں ہر معاملے اور لحاظ میں قسمت کی دھنی ہے، موسم سازگار، زمین مالا مال، پانی کی بھرمار اور تو اور لوگ ہوشیار لیکن بدقسمتی سے ان سب سے فائدہ کس طرح حاصل کیا جا سکتا ہے احکامِ بالا کی نظر میں وہ غور طلب اور قابلِ ترجیح بات نہیں ہے۔
یہاں کا موسم پچھلے کچھ سالوں سے ذرا بھپرا ہوا ہے لیکن اُس کو بھی قابو کیا جا سکتا تھا اگر بروقت صحیح فیصلے کرلیے جاتے۔ اپنے آغاز سے ہی پاکستان دوسروں کو فائدہ پہنچانے کے چکر میں اپنا نقصان کرتا آ رہا ہے۔ آج ہمارا ملک جس حال سے دوچار ہے وہ اسی فروگذاشت کا نتیجہ ہے۔
ہمارا وطن عزیز کبھی بند گلی میں داخل نہ ہوتا،اگر یہاں کے حکمران شروع سے ہی اپنے ملک کے نونہالوں، قوم کا مستقبل سنوارنے والوں کو اپنی شفقت کے حصار میں رکھنے کی پالیسی اختیار کرتے۔
دنیا کا دستور ہے کہ ایک ہاتھ سے دیں اور دوسرے ہاتھ سے لیں، پیڑ پودے بھی پھل، پھول دینے کے لیے توجہ مانگتے ہیں پھر جیتا جاگتا انسان کیسے بِنا خاطر خواہ سہولیات کی موجودگی کے اپنے اندر عقابی روح بیدار کرسکتا ہے اور اگر بِل فرض اپنی محنت و لگن سے اُس نے کامیابی حاصل کرلی تو اُس کا سہرا ملک و قوم کو وہ کیوں دے گا؟
چند سرکاری و غیر سرکاری اداروں کی جانب سے کرائے گئے سروے کی رپورٹ کے مطابق موجودہ سال 20206 کے ابتدائی نو ماہ جنوری سے ستمبر کے درمیان پاکستان کے چار لاکھ، ستائیس ہزار، چار سو پینتیس پڑھے لکھے نوجوان اچھی نوکری اور بہتر زندگی کے حصول کے لیے ترقی یافتہ ممالک کُوچ کر گئے ہیں۔
یہ ایک تشویشناک صورتحال ہے اگر محسوس کی جائے مگر افسوس ہمارے حکمرانوں کے پاس فکر کرنے کے لیے اس سے کئی زیادہ دوسری اہم باتیں موجود ہیں۔مثلاً حکومت بمقابلہ عمران خان اور عمران خان بمقابلہ ملکی ادارے۔
وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ہمارے ملک میں ٹرک اور اُس کی بتی تبدیل ہو رہی ہے لیکن یہاں جو چیز نہیں بدل رہی ہے وہ حکمرانوں کا عوام کو ٹرک کے پیچھے لگانا اور عوام کا بڑی آسانی سے حکمرانوں کے ہاتھوں ہر بار بے وقوف بن جانا۔ آج جن پاکستانیوں کے پاس وسائل موجود ہیں وہ بمعہ اہل و عیال ترقی پسند ملکوں میں سدھار رہے ہیں یا کم از کم اپنے بچوں کو ملک سے باہر بھیج کر اپنا مستقبل سنوارنے کے جتن کر رہے ہیں۔
حب الوطنی کا نشہ سرچڑ کر تبھی بولتا ہے جب انسان کا پیٹ بھرا ہو، اپنی اہلیت کی مناسبت سے نوکری میسر ہو، زندگی کی بنیادی سہولیات باآسانی مل رہی ہوں، آسائشوں تک رسائی ممکن ہو اور حکومت کی جانب سے تحفظ فراہم کیا جا رہا ہو۔ پاکستان کے معاشی حب کراچی میں اسٹریٹ کرائمز آج کل اپنے عروج پر ہیں۔
اس شہر میں ہر دوسرے دن ہونہار نوجوانوں کو لوٹ مار کے دوران بے رحمی سے قتل کر دیا جاتا ہے جب کہ کئی طلبا و طالبات اور عام شہری روزانہ کی بنیاد پر سڑکوں، چوراہوں اور یہاں تک کہ اپنے گھروں کے باہر ڈکیتوں کے ہاتھوں اپنا قیمتی سامان بشمول بھاری رقم گنوا رہے ہیں اور کوئی اُن کے نقصان کا مداوا کرنے والا موجود نہیں ہے۔
ایسے پاکستان کا خواب تو علامہ اقبال نے نہیں دیکھا تھا جہاں ملک کے شاہینوں کے پاس تحفظ ہے،نہ اپنے اوپر ہونے والی زیادتیوں پر آواز اُٹھانے کے مواقع۔ نوجوانِ پاکستان کے حقوق پر شب خون اُس دن ہی داغا گیا تھا جب یہاں تعلیمی اداروں میں اسٹوڈنٹ یونین پر پابندی عائد کر کے اس ملک کے طلبا و طالبات کے نعرہ حق کو جبری طور پرخاموش کروا دیا گیا تھا۔
پاکستان کا مستقبل صرف اسی صورت روشن ہوسکتا ہے جب ہم ملک میں حقیقی جمہوری نظام کا نفاذ یقینی بنائیں، نوجوان دوست پالیسیوں کو مرتب کریں، نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں، اُن کو خصوصی اہمیت دیں اور ملک کی تعمیر میں اُن کی حصے داری کو سرہائیں، باحالت دیگر یہ ناقدری مہنگی پڑے گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل